اہم خبریں

عمران خان کے پاس اسٹیبلشمنٹ کی آفر گنڈاپور لائے تھے: علیمہ خان

جنوری 7, 2025 2 min

عمران خان کے پاس اسٹیبلشمنٹ کی آفر گنڈاپور لائے تھے: علیمہ خان

Reading Time: 2 minutes

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہنوں نے اُن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اہم انکشاف کیا ہے۔

منگل کو اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کے پاس بنی گالہ میں ہاؤس اریسٹ کیے جانے کی آفر آئی تھی، اور یہ پیشکش علی امین گنڈا پور لے کر آئے تھے۔

علیمہ خان سے پوچھا گیا کہ کیا واقعی بنی گالہ ہاوس اریسٹ کی آفر علی امین گنڈا پور لے کر آئے تھے؟
تو انہوں نے واضح جواب دیتے ہوئے کہا کہ جی ہاں! علی امین گنڈا پور ہی لے کر آئے تھے۔

دوسری جانب ملاقات کے بعد بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ مذاکرات کسی ڈیل کیے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے کر رہے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے منگل کو اسلام آباد میں عمر ایوب خان اور سلمان اکرم راجہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے دو ہی مطالبات پر مذاکرات شروع کیے۔ ان مطالبات کے لیے دو ملاقاتیں ہوئیں ہیں۔ ہم نے کہا تھا تیسری ملاقات تب ہو گی جب بانی چیئرمین سے ملاقات ہو گی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’کہا جا رہا کسی ڈیل کے تحت القادر ٹرسٹ کیس میں تاریخیں آگے ہوئی ہے۔ القادر ٹرسٹ بے ہودہ کیس ہے۔ گواہوں نے بتا دیا کہ بانی چیئرمین نے کوئی پیسے لیے اور نہ حکومت کو نقصان پہنچا ہے۔‘
’پی ٹی آئی نے بڑے عرصے بعد ڈائیلاگ کا دروازہ کھولا تھا۔ حکومت کے خلاف ہماری لسٹ بڑی لمبی ہے۔ ہم سے بلا چھینا گیا، ہماری جیت کو شکست میں تبدیل کیا گیا، ہمارے لوگوں پر گولیاں چلائی گئیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’مذاکرات میں تعطل نہیں کرنا چاہیے۔‘

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ’عمران خان اس بات پر واضح ہیں کہ وہ جیل سے رہائی پانے والے آخری آدمی ہوں گے۔‘

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ’ہم اس لیے مذاکراتی عمل کا حصہ بنے ہیں کہ ریاست کو فلاح کی جانب لے کر چلیں۔ ہمیں دوسری جانب سے یہ خواہش نظر نہیں آ رہی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آپ پاکستان تحریک انصاف اور بانی پی ٹی آئی کو ختم نہیں کر سکتے، یہ مسلم حقیقتیں ہیں۔ 26 نومبر کے کمیشن، 8 فروری کی ڈکیتی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم مذہبی یا لسانی بنیادوں پر سیاست نہیں کرتے۔ ہمارے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں ہے۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے