عالمی خبریں

اسرائیل اور حماس میں جنگ بندی معاہدے پر اتفاق، قطری وزیراعظم کا اعلان

جنوری 16, 2025

اسرائیل اور حماس میں جنگ بندی معاہدے پر اتفاق، قطری وزیراعظم کا اعلان

قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے اعلان کیا کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد اتوار سے ہوگا جس کے بعد 15 ماہ سے جاری جنگ ختم ہوجائے گی۔

قطر کے وزیر اعظم نے دوحہ میں اعلان کیا کہ حماس اور اسرائیل جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کے پہلے مرحلے میں 33 یرغمالیوں کو رہا کر دیا جائے گا۔

اس سے قبل تین امریکی اور ایک حماس کے عہدیدار نے تصدیق کی کہ معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے تاہم اسرائیلی وزیراعظم کے آفس کا کہنا ہے کہ معاہدے کی حتمی جزئیات طے کی جارہی ہیں۔

نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ’امید ہے معاہدے کی جزئیات کو آج رات ختمی شکل دی جائے گی۔‘
معاہدے کے ساتھ ہی غزہ میں 15 مہینے سے جاری جنگ ختم ہو جائے گی۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کئی ہفتوں پر محیط تکلیف دہ مذاکرات کے بعد ہونے والے معاہدے کے مطابق حماس درجنوں اسرائیلی یرغمال افراد کو رہا کرے گا جس کے بدلے میں اسرائیل سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کو چھوڑے گا۔

معاہدے کے مطابق غزہ جنگ سے بے گھر ہونے والے لاکھوں فلسطینی اپنے گھروں کو واپس آئیں گے۔

جنگ بندی معاہدے کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی کابینہ کی منظوری درکار ہو گی تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں اس پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

معاہدے کے بعد فوری طور پر چھ ہفتوں کی جنگ بندی ہو گی جس کے دوران جنگ کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے مذاکرات ہوں گے۔

قطری وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ’ یہ معاہدہ لڑائی کے مستقل خاتمے کی راہ ہموار کرے گا۔‘

ان کا کہنا تھا’ ثالثی کرنے والے تینوں ممالک قاہرہ میں قائم ایک باڈی کے ذریعے جنگ بندی معاہدے کی نگرانی کریں گے۔‘‘

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا اس پیش رفت پر ’پرجوش‘ ہوں۔ یہ معاہدہ غزہ میں لڑائی کو روک دے گا۔ فلسطینی شہریوں کے لیے انتہائی ضروری انسانی امداد میں اضافہ کرے گا اور یرغمالیوں کو ان کے اہل خانہ کے ساتھ ملائے گا۔

جیسے ہی معاہدےکی خبر پھیلی تل ابیب میں مظاہرین نے یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا جبکہ غزہ بھر میں ہزاروں افراد نے اس معاہدے پر جشن منایا۔

غزہ میں بے گھر ہونے والے النصیرات پناہ گزین کیمپ میں 45 سالہ راندا سمیح نے کہا ’مجھے یقین نہیں کہ ایک سال سے زیادہ کا یہ ڈراونا خواب آخر کا ر ختم ہو رہا ہے۔‘
’ہم نے بہت سے لوگوں کو کھو دیا ہے، ہم نے سب کچھ کھو دیا ہے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے