اہم خبریں

’سکھوں سے نفرت میں‌ اضافہ‘، کینیڈا میں‌ گردوارے پر حملے میں‌ دو زخمی

اگست 22, 2026

’سکھوں سے نفرت میں‌ اضافہ‘، کینیڈا میں‌ گردوارے پر حملے میں‌ دو زخمی

کینیڈا کی پولیس نے بتایا ہے کہ ایڈمنٹن کے علاقے میں ایک گرودوارے میں چاقو سے حملہ کرکے دو افراد کو زخمی کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن میں واقع گرودوارہ نانکسَر میں ہونے والے حملے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔

حکام نے بتایا کہ حملہ جمعے کو مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً پانچ بجے گرودوارے کے اندر ہوا۔ پولیس نے مشتبہ شخص کی شناخت یا حملے کے ممکنہ محرک کے بارے میں کوئی معلومات جاری نہیں کیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب پولیس نے گزشتہ ہفتے تصدیق کی تھی کہ وہ کیلگری کے دو گرودواروں کو موصول ہونے والی دھمکی آمیز فون کالز کی تحقیقات کر رہی ہے۔ کیلگری اس مقام سے تقریباً دو گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے جہاں جمعے کو حملہ ہوا۔

کینیڈا میں ورلڈ سکھ آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ ’یہ حملہ انتہائی تشویش ناک ہے اور ایسے وقت میں ہوا ہے جب ملک بھر میں سکھ مخالف نفرت میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘

ایڈمنٹن پولیس سروس کے مطابق پولیس کو مقامی وقت کے مطابق صبح چار بج کر 49 منٹ پر پہلی اطلاع ملی کہ ایک شخص ہائی وے پر ٹریفک کے درمیان چل رہا ہے۔ تقریباً 15 منٹ بعد ایک فون کال کے ذریعے پولیس کو گرودوارے کے اندر پیش آنے والے واقعے کی اطلاع ملی۔

پولیس کے مطابق اطلاعات میں بتایا گیا کہ ایک شخص گرودوارے میں داخل ہوا اور عبادت کے لیے مخصوص حصے میں جانے کی کوشش کر رہا تھا، جس پر عملے نے اسے روکنے کی کوشش کی۔

قائم مقام انسپکٹر ایرک سٹیورٹ نے جمعے کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’صورتحال شدت اختیار کر گئی اور گرودوارے میں موجود دو عقیدت مندوں پر چاقو سے وار کیے گئے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’اچھی بات یہ ہے کہ موقع پر موجود افراد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس شخص کو قابو کر لیا۔‘

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے دونوں افراد کی عمریں 75 اور 51 سال ہیں۔ انھیں شدید نوعیت کے زخم نہیں آئے اور دونوں کی حالت اب بہتر ہے۔ پولیس نے انھیں زائرین قرار دیا ہے، تاہم ان کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

پولیس نے بتایا کہ 27 سالہ مشتبہ شخص پہلے ہی پولیس کی حراست میں تھا اور اس کے خلاف 2015 سے تشدد کے متعدد واقعات کا ایک طویل ریکارڈ موجود ہے۔

حکام کے مطابق حملے سے ایک روز قبل اسے البرٹا کی وفاقی جیل سے رہا کیا گیا تھا، تاہم وہ ایڈمنٹن میں اپنے مقررہ بحالی مرکز میں رپورٹ کرنے میں ناکام رہا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے