اہم خبریں

سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس برطرف، تحقیقات کا حکم

جنوری 21, 2025 2 min

سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس برطرف، تحقیقات کا حکم

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کی سپریم کورٹ نے سنگین کوتاہی کے الزام میں ایڈیشنل رجسٹرار (جوڈیشل) نذر عباس کو عہدے سے ہٹا دیا ہے جبکہ رجسٹرار کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت عظمیٰ کی جانب سے منگل کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق یہ مسئلہ مقدمات کو سماعت کے لیے مقرر کرنے میں بدانتظامی سے متعلق ہے جن میں کسٹمز ایکٹ کی آئینی حیثیت کو چیلنج کیا گیا تھا۔

یہ مقدمات آئینی بینچ کے سامنے پیش کیے جانا تھے، تاہم غلطی سے انہیں سپریم کورٹ کے ریگولر بینچ کے سامنے مقرر کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں عدالت، ادارے اور تمام فریقوں کے وقت اور وسائل کا ضیاع ہوا۔

مذکورہ مقدمات تین ججوں پر مشتمل ریگولر بینچ کے سامنے مقرر کیے گئے تھے۔ ان مقدمات کی سماعت 13 جنوری 2025 کو ہوئی، جہاں کیس کے میرٹ کے ساتھ ساتھ کسٹمز ایکٹ کی شق 11A کی ذیلی شق 2 کی آئینی حیثیت کو بھی چیلنج کیا گیا۔ اس بنیاد پر بینچ کے دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھایا گیا۔

بعد ازاں مقدمات کی سماعت 16 جنوری 2025 تک ملتوی کر دی گئی۔ اپنی سنگین کوتاہی کا ادراک کرتے ہوئے جوڈیشل برانچ نے ایک نوٹ کے ذریعے سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) ایکٹ 2023 کے سیکشن 2 (1) کے تحت ریگولر کمیٹی سے رجوع کیا۔ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر کمیٹی 17 جنوری 2025 کو چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں منعقد ہوئی۔

کمیٹی نے مشاہدہ کیا کہ آئین کے آرٹیکل 191A کی شق 3 کو شق 5 کے ساتھ ملا کر پڑھنے سے واضح ہوتا ہے کہ ایسے مقدمات کا اختیار صرف آئینی بینچ کو حاصل ہے۔

لہٰذا کمیٹی نے یہ مقدمات ریگولر بینچ سے واپس لے کر انہیں آئینی بینچ کمیٹی کے سامنے دوبارہ مقرر کرنے کی ہدایت کی۔ مزید برآں کمیٹی نے حکم دیا کہ آئندہ آئین کے آرٹیکل 191A کے تحت آنے والے تمام مقدمات کو آئینی بینچ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا، خواہ ریگولر بینچ کی جانب سے کوئی حکم جاری کیا گیا ہو۔

ریگولر کمیٹی نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو ہدایت کی کہ تمام زیرِ التوا مقدمات کی جلد جانچ پڑتال اور عدالت میں روزانہ داخل ہونے والے مقدمات کی مکمل جانچ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسی کوتاہیوں سے بچا جا سکے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے