پی ٹی آئی کے اعلان کے باوجود سپیکر نے مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس طلب کر لیا
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 28 جنوری کو طلب کر لیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق یہ مذاکراتی کمیٹیوں کا چوتھا اجلاس ہوگا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس دن 11:45 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم پانچ میں ان کیمرہ ہوگا۔ اور صدارت سپیکر ایاز صادق کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان میں اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بات چیت اُن کی جانب سے ختم نہیں کی گئی۔
جمعے کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں حکومتی کمیٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے مذاکرات ختم نہیں کیے، جب ایک طرف سے ختم ہو گئے ہیں تو ہم کس سے بات کریں۔‘
عرفان صدیقی نے کہا کہ ’ہم اُس کمرے میں بیٹھ کر دیواروں سے بات کریں۔ معاملہ یہ ہے کہ جیل کا پھاٹک کھلتا ہے اور کوئی صاحب اچانک اعلان کر دیتے ہیں۔‘
انہوں نے پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم سے کہا کہ ’آئیں اور ہمارا جواب سنیں۔ یہ ایک دن کچھ کہتے ہیں، دوسرے دن کوئی بات کرتے ہیں۔‘
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا تھا کہ حکومت کے پاس کمیشن کے اعلان کے لیے سات روز بھی بہت تھے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں کے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات معطل کیے۔ ’ہم دوبارہ غورکر لیتے ہیں لیکن حکومت کمیشن کا اعلان کرے، ابھی کس چیز نے روکا ہے؟‘
گوہرعلی خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں ہونے والی قانون سازی کی حمایت نہیں کریں گے۔