اہم خبریں

آئینی بالادستی، شفاف انتخابات اور بنیادی حقوق کی بحالی: اپوزیشن کی قومی کانفرنس کا اعلامیہ

فروری 27, 2025 2 min

آئینی بالادستی، شفاف انتخابات اور بنیادی حقوق کی بحالی: اپوزیشن کی قومی کانفرنس کا اعلامیہ

Reading Time: 2 minutes

پاکستان میں اپوزیشن کی دو روزہ قومی کانفرنس کے اختتام پر شریک سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پر اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی، شفاف انتخابات اور بنیادی حقوق کی بحالی پر زور دیا ہے۔

جمعرات کو جاری کیے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے تمام مسائل کا حل آئین کی بالادستی میں مضمر ہے جبکہ موجودہ حکومت کو غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر جمہوری قرار دیا گیا ہے۔

کانفرنس میں شریک جماعتوں نے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے نتائج ملک کے موجودہ سیاسی، معاشی اور سماجی بحران کے ذمہ دار ہیں۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ موجودہ پارلیمنٹ کی کوئی اخلاقی، قانونی یا سیاسی حیثیت نہیں ہے اور اس کے فیصلے عوامی امنگوں کی نمائندگی نہیں کرتے۔ شرکاء نے آئین سے متصادم تمام ترامیم کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی انتقام، بنیادی حقوق کی پامالی اور اظہار رائے پر قدغنیں قانون کی حکمرانی کی کھلی نفی ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں نے تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی اور ان کے خلاف درج مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئین کسی بھی پاکستانی شہری کو سیاسی سرگرمی میں حصہ لینے کے حق سے محروم نہیں کر سکتا۔

اعلامیے میں میڈیا اور عوام کی زبان بندی کے لیے نافذ کیے گئے پیکا قوانین میں ترامیم کو مسترد کرتے ہوئے ان کے فوری خاتمے پر زور دیا گیا۔

بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ میں پانی کے وسائل کی تقسیم کے معاملے پر بھی غور کیا گیا، اور اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ 1991 کے واٹر ایکارڈ کے مطابق پانی کی منصفانہ تقسیم کے بغیر صوبوں کے درمیان بڑھتی ہوئی شکایات اور تنازعات کو حل نہیں کیا جا سکتا۔ اپوزیشن جماعتوں نے کہا کہ جب تک ان مسائل کو حل نہیں کیا جاتا، ملک میں امن و استحکام ممکن نہیں۔

اعلامیے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ملک کے موجودہ بحران کا واحد حل فوری، آزادانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات ہیں، اور اس کے لیے تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہو کر مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہو گی۔

حزب اختلاف کی جماعتوں نے اس اعلامیے کے مطابق اجتماعی عملی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ملک میں عوام کے حقوق اور جمہوری اقدار بحال نہیں ہوتیں، یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

قبل ازیں اسلام آباد کے نجی ہوٹل کے باہر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات ہونے کے باوجود اپوزیشن جماعتوں کے رہنما اور کارکنان زبردستی ہوٹل کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے