بنوں کینٹ کے قریب دھماکوں سے اموات اور تباہی، علاقے میں سوگ
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں کینٹ کے قریب دو خودکش حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑیاں دھماکوں سے اُڑائیں جن کے نتیجے میں قریبی مسجد اور گھر منہدم ہو گئے۔
مقامی ریسکیو حکام کے مطابق ملبے سے اب تک خواتین اور بچوں سمیت 12 عام شہریوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
اس حملے میں 25 افراد زخمی بھی ہوئے۔
سکیورٹی فورسز کا دعویٰ ہے کہ کسی بھی حملہ آور کو کینٹ کو داخل ہونے میں کامیابی نہیں ملی اور چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ فوج کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔
منگل کی شام کیے گئے حملے کے بعد رات بھر علاقے میں ریسکیو آپریشن جاری رہا ہے۔
ملبے ہٹانے کے دوران لاشیں اور زخمی نکالے گئے۔
علاقہ بھر میں سوگ کی فضا طاری ہے۔
پاکستان میں طالبان سے منسلک تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

