ایک اور سانحہ، بلوچستان سے 9 مسافروں کی لاشیں پنجاب منتقل
بلوچستان میں بس سے اُتار کر قتل کیے گئے 9 مسافروں کی لاشیں پنجاب منتقل کر دی گئی ہیں، مارے جانے والوں میں دو بھائی جابر اور عثمان ضلع لودھراں کے علاقے دنیا پور کے رہائشی تھے جو والد کے جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
گزشتہ شب بلوچستان میں بسوں سے اتر کر بے دردی سے قتل کیے گئے مسافروں کی میتوں کو کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے کمانڈنٹ اسد چانڈیہ کے ہمراہ وصول کیا۔
بسوں سے اتر کر پنجاب کی شناخت دیکھ کر قتل کیے جانے والوں کا تعلق لاہور، گجرات، خانیوال، گوجرانولہ، لودھراں اور ڈیرہ غازی خان کے چوک قریشی سے ہے۔
مارے جانے والے دو بھائی جابر اور عثمان دنیا پور لودھراں کے رہائشی باپ کے جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
مقتول محمد عرفان ولد غلام اکبر کا تعلق ڈیرہ غازی خان، صابر حسین ولد محمد ریاض کا تعلق کامکی گوجرانولہ، محمد آصف ولد سلطان کا تعلق چوک قریشی ڈیرہ غازی خان، غلام سعید ولد غلام سرور کا تعلق خانیوال، محمد جنید کا تعلق لاہور، محمد بلال ولد عبدالوحید کا تعلق اٹک اور مقتول بلاول کا تعلق گجرات سے ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد اور بارڈر ملٹری پولیس کے سربراہ کمانڈنٹ محمد اسد خان چانڈیہ نے ڈیڈ باڈیز کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر وصول کرتے ہوئے متعلقہ علاقوں کے لیے روانہ کردیا ہے۔
کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری اور ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔

