لارڈز میں سنسنی خیز ٹیسٹ میچ، انڈیا کو انگلینڈ سے شکست
لارڈز میں سنسنی خیز ٹیسٹ میچ انڈیا کو شکست دے کر انگلینڈ نے 22 رنز سے جیت لیا۔
پہلا ٹیسٹ میچ ہار کر دوسرا جیتنے والی انگلش ٹیم نے لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 387 رنز بنائے۔ جواب میں انڈین ٹیم بھی 387 رنز ہی بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
دوسری اننگز میں 192 رنز پر ڈھیر ہونے والی انگلش ٹیم اس وقت میچ جیتنے کی پوزیشن میں آ گئی جب انڈین ٹیم کے ابتدائی بلے باز یکے بعد دیگرے پویلین لوٹے۔
جیت کے لیے 193 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انڈیا کی 8 وکٹیں 112 رنز پر گر گئی تھیں مگر اس کے بعد روندرا جدیجہ نے جسپرت بمرا کے ساتھ نویں وکٹ کے لیے 35 رنز کی شراکت کی۔
اس دوران جدیجہ نے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔
جب سکور 147 پر پہنچا تو بمرا پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد محمد سراج نے جدیجہ کے ساتھ مل کر جیت کی طرف پیش قدمی شروع کی۔ مگر جب مجموعی سکور 170 ہوا تو وہ شعیب بشیر کی گیند پر آؤٹ ہو گئے جن کی یہ پہلی وکٹ تھی۔
جدیجہ 61 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

