وزارتِ داخلہ کے سول آرمڈ فورسز کے ونگ کا سربراہ جنرل کو لگانے پر غور
پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت وزارت داخلہ کے سول آرمڈ فورسز ونگ کے سربراہ کے لیے کسی سینیئر حاضر سروس یا ریٹائرڈ فوجی افسر کو تعینات کرنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔
انگریزی روزنامے ڈان کے مطابق جمعے کو نامہ نگاروں کے ایک منتخب گروپ کے ساتھ بات چیت کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد فوج اور اُن سول آرمڈ فورسز کے درمیان تال میل ہموار رکھنا ہے جو وزارت داخلہ کے ماتحت آتی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائیوں کے لیے فوج اور دیگر فورسز کے درمیان رابطوں کے لیے ایسے افسر ضروری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تجاویز میں سے ایک ریٹائرڈ یا حاضر سروس ٹو سٹار جنرل کو اس ونگ کی سربراہی کے لیے مقرر کرنا ہے۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ نیم فوجی اور سول مسلح افواج بشمول فرنٹیئر کور، رینجرز، پاکستان کوسٹ گارڈ، گلگت بلتستان سکاؤٹس اور نئی قائم کردہ فیڈرل کانسٹیبلری جو ان کی وزارت کے انتظامی کنٹرول میں آتی ہے، پاکستان بھر میں انسداد دہشت گردی اور انسداد بغاوت کی کارروائیوں میں شامل ہیں۔

