واہ کینٹ کا خاندان گاڑی سمیت برساتی نالے میں بہہ گیا، پانچ ہلاک
پنجاب کے ضلع اٹک کی تحصیل حسن ابدال کے ایک گاؤں میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے پانچ افراد ڈوب گئے جبکہ پانچ کو مقامی افراد نے بچا لیا۔
ریسکیو 1122 کے ضلع اٹک میں دفتر نے بتایا کہ بدھ کو ایک وین جھاری کس کے مقام پر تحصیل حسن ابدال میں واقع برساتی نالے میں بہہ گئی تھی۔
ریسکیو پنجاب کے ترجمان فاروق احمد نے بتایا کہ گاڑی میں سوار 5 افراد جن میں 50 سالہ عقیل ،55 سالہ وارث ،30 سالہ شہر یار ،55سالہ ،فرحت ،24 سالہ اسفند شامل ہیں کو ریسکیو کرتے ہوئے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال حسن ابدال منتقل کیا گیا۔
ترجمان ریسکیو پنجاب کے مطابق ڈوبنے والوں میں صابرہ سلطان عمر 65 سال ،نادیہ جعفر عمر 40 سال، ایمان شہر یار عمر 26 سال، نمرہ عمر 24 سال اور مصطفیٰ عمر ایک سال شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق شہریار عمر 26 سال، صابرہ سلطان عمر 65 سال اور نمرہ عمر 24 سال کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
نازیہ قیصر عمر 40 سال اور مصطفیٰ عمر ایک سال کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
واٹر سرچ اینڈ ریسکیو کی ٹیمیں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اٹک ڈاکٹر علی حسین کی سربراہی میں سرچ و ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں.
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈوبنے والی گاڑی میں موجود فیملی نیو سٹی فیز 2 واہ کینٹ کی رہائشی تھی۔
یہ فیملی جھاری کس کے قریب گاؤں ڈھیری میں ایک فیملی ایونٹ میں شرکت کے بعد واپس واہ کینٹ جارہے تھے
فیملی کے ساتھ حادثہ جھاری کس پلی کے قریب برساتی نالے میں پیش آیا۔

