طوفانی بارش کے بعد اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ڈوب گئے، رہائشی ریسکیو
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے چند علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
منگل اور بدھ کی درمیانی رات اسلام آباد میں ہونے والی شدید بارش سے کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور پہاڑی مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی آئی۔
بہارہ کہو، چٹھہ بختاور، چک شہزاد اور کچھ ہاؤسنگ سوسائیٹیز میں پانی گھروں کے اندر داخل ہو گیا اور بعض مقامات تالاب کا منظر پیش کر رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق مری، گلیات، ایبٹ آباد اور کشمیر کے بعض مقامات کے علاوہ دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، کوہستان اور ایبٹ آباد میں بھی بارش ہو گی اور برسانی نالوں کے چڑھنے اور بہاؤ بڑھنے کا بھی امکان ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے زیادہ تر علاقوں کے علاوہ اسلام آباد، بالائی پنجاب اور کشمیر میں تیز ہوائیں چلنے کا ابھی امکان ہے، جبکہ ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہنے کی توقع ہے۔

