ڈیرہ اسمعیٰل خان میں آندھی سے دیواریں و سولر پلیٹس گرنے سے 8 ہلاک، متعدد زخمی
خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمعیٰل خان میں آندھی سے دیواریں و سولر پلیٹس گرنے سے 8 ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
اتوار کی صبح ترجمان ریسکیو 1122 ڈیرہ اسماعیل خان کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے بیان کے مطابق گزشتہ رات شہر اور گرد و نواح میں آنے والی شدید آندھی اور طوفانی بارش کے نتیجے میں افسوسناک واقعات پیش آئے جن میں 8 افراد کی جانیں چلی گئیں جبکہ 31 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق تیز ہواؤں اور بارش کے باعث درخت، دیواریں اور سولر پلیٹس گرنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق سولر پلیٹس گرنے کے 08 واقعات رپورٹ کیے گئے جبکہ دیواریں گرنے کے بھی 08 واقعات کے بعد ٹیمیں پہنچیں۔
درخت گرنے سے زخمی ہونے والے ایک شہری کو ریسکیو کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فصیح اللہ کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری ریسپانس دیتے ہوئے متاثرہ مقامات پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ حادثاتی مقامات پر ملبہ ہٹانے کا کام بھی بروقت مکمل کیا گیا۔
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں رات بھر متاثرہ علاقوں میں سرگرم رہیں اور عوام کو ہر ممکن امداد فراہم کی گئی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فصیح اللہ نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریسکیو 1122 کی اولین ترجیح ہے اور ایمرجنسی صورتحال میں فوری مدد فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

