متفرق خبریں

معدنی ذخائر، پاکستان کی فوجی کمپنیوں کا امریکی کمپنی سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

ستمبر 8, 2025

معدنی ذخائر، پاکستان کی فوجی کمپنیوں کا امریکی کمپنی سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

ثوبان افتخار راجہ – اسلام آباد

معدنی ذخائر نکالنے کے لیے پاکستان کی فوجی کمپنیوں کا امریکی کمپنی سے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

امریکہ کے ایک اعلیٰ سطح کے سرمایہ کاری وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔

پیر کو اسلام آباد میں پرائم منسٹر آفس سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وفد میں امریکی سٹریٹجک میٹلز اور موٹہ اینجیل کمپنی کے نمائندے شامل تھے۔

وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزراء بھی شریک ہوئے۔
امریکی کمپنیوں نے پاکستان میں مائننگ آپریشنز بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا جس پر اُن کو پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کمپنیوں کے نمائندوں نے تانبے، گولڈ، ریئر ارتھ ایلیمنٹس کو نکالنے کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر غور کیا۔

اس دوران پاکستانی فوجی کمپنی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) اور یو ایس ایس ایم کے درمیان معاہدہ طے پا گیا جس کے مطابق امریکی کمپنی 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

پاکستان میں جدید پالی میٹلک ریفائنری قائم کرنے کا منصوبہ ظاہر کیا گیا جس کے ابتدائی مرحلے میں تانبے، سونے اور ٹنگسٹن کی برآمد شروع ہو گی۔

پاکستانی حکام نے اس معاہدے کو دفاع، ایرو سپیس اور ٹیکنالوجی انڈسٹری کے لیے اہم سرمایہ کاری قرار دیا جس سے اُن کے مطابق نئی ملازمتیں اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے مواقع پیدا ہوں گے۔

حکام نے دعویٰ کیا کہ معدنیات کو نکالنے کے دوران ماحولیاتی ذمے داری اور پائیدار ترقی کو ترجیح دی جائے گی۔

ملاقات کے بعد فوجی کمپنی این ایل سی اور موٹا اینجیل کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

موٹہ اینجیل نے پاکستان میں لاجسٹکس اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

بین الاقوامی سرمایہ کاری لانے کی پاکستان کی کاوشوں میں اس کو حکومتی حلقے بڑا سنگ میل قرار دے رہے ہیں۔

مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے دوران پاکستان آرمی کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے