سوات ایکسپریس وے پر خانہ بدوشوں کے ٹرک کو حادثہ، 15 ہلاکتیں
ملاکنڈ کے سوات موٹروے کے ٹنل نمبر 3 کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں ٹرک الٹنے سے 15 افراد کی جانیں چلی گئی ہیں۔
ریسکیو 1122 ملاکنڈ کے مطابق افسوسناک ٹریفک حادثے میں آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے۔
مرنے والوں اور زخمیوں میں مرد، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ملاکنڈ کی میڈیکل رسپانس ٹیم ایمبولینس کے ہمراہ فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ ہوئی۔ جائے وقوعہ پر موٹروے پولیس اور عملہ بھی موجود تھا جنہوں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
مشترکہ کارروائی کے دوران موٹروے پولیس اور عملے نے بعض زخمیوں اور لاشوں کو اپنی گاڑیوں کے ذریعے ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹخیلہ منتقل کیا جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے باقی متاثرہ افراد کو بھی ڈی ایچ کیو اسپتال بٹخیلہ منتقل کیا۔
ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جبکہ 8 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ ان میں سے چار شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث سوات ریفر کر دیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق تمام متاثرہ افراد کا تعلق ضلع سوات کی تحصیل بحرین، علاقے گبرال سے تھا۔ یہ ایک خانہ بدوش خاندان تھا جو مختلف علاقوں میں موسمی طور پر نقل مکانی کرتا رہتا تھا۔
ترجمان ریسکیو 1122 ملاکنڈ حادثے کی نوعیت انتہائی سنگین تھی تاہم ریسکیو ٹیم کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے باعث مزید جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

