پولیس اور صحافی ڈاکے میں شریک
Reading Time: 2 minutesاسلام آباد پولیس نے ڈاکہ مار کر شراب اور ہیرے غائب کیے۔ ملزم اہلکار نے شہر کے چند کرائم رپورٹر ساتھ ملا کر معاملے کو ہفتے دبائے رکھا۔ ملک کو چلانے والے شہر میں مثالی پولیس کے اندر بھی باکمال جرائم پیشہ افراد بھرتی کیے گئے ہیں اور دوسری جانب ملک کے بڑے بڑے ٹی وی چینلز اور اخبارات میں صحافت کی آڑ لے کر ایسے جرائم پیشہ اہلکاروں کو تحفظ دینے اور ان کی خبر عوام تک نہ پہنچانے والے بھی ہیں۔
قصہ کچھ یوں ہے کہ اسلام آباد پولیس کے اہلکار نے مختلف ذرائع استعمال کرکے پتہ لگایا کہ ایف سکس سیکٹر میں ایک سفارتکار کے گھر میں غیرملکی شراب کی ہزاروں بوتلیں ہیں، اس کا جی تو بہت للچایا کہ کسی طریقے سے کچھ مال مل جائے مگر مسئلہ یہ تھاکہ وہ گھر اس کے تھانے کی حدود میں نہ تھا۔ پھر اس نے تین دوست پولیس والوں کو ساتھ ملایا اور کورین سفارتکار کے گھر میں رات کو دیوار پھلانگ کے کود گیا، سفارتکار ملک سے باہرتھا۔ پولیس والے غیرقانونی چھاپے بلکہ دراصل ڈاکے میں امپورٹڈ شراب کی ایک ہزار بوتلیں لے اڑے، اس کے علاوہ ڈالرز اور جواہرات بھی ہاتھ لگے۔ 240کی برآمدگی ڈالی۔۔760خود ڈکارنے کی کوشش کی۔
تھانہ کوہسار کی حدود میں کورین سفارتکار کے گھر مارے گئے ڈاکے میں اصل کردارتھانہ شالیمار کے اے ایس آئی ملک آصف ہے، گھر کے ملازم کو یرغمال بنا کر لوٹی گئی شراب کی مالیت 80 لاکھ روپے ہے۔ اس کے بعد ملزم نے کیا یہ کہ شہر کے نامی گرامی کرائم رپورٹروں کے ساتھ مکا مکاکرکے اپنے تھانے کی حدود میں ایف الیون ون کے ناکے پر گاڑی سی جی 428 سے ایک شہری محمد بشیر کو پکڑ کر اس پر دوسو چالیس بوتل شراب کا پرچہ کاٹ کر خبر چلوادی۔ باقی سات سو ساٹھ بوتلیں غائب کردی گئیں۔
کورین سفارتکار واپس آیا اور ملازم سے چھاپے کا علم ہوا تو شراب کا پرمٹ لے کر تھانہ کوہسار جاپہنچا۔ رپورٹ درج کرائی کہ گھر سے شراب کی ایک ہزار بوتلیں اور دیگر سامان چوری کیا گیا۔ دوسری جانب دفتر خارجہ کو اطلاع دی گئی کہ یہ سفارتی اصولوں کے خلاف ہے، خارجہ نے وزارت داخلہ کو خط لکھا تو کورین سفارتکار کی ایف آئی آر پر تحقیقات ہوئیں، معلوم ہوا کہ اسلام آباد پولیس کے اپنے ہی اہلکار نے ڈرامہ رچایا ہے۔ تھانہ کوہسار نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے ایف 11پولیس چوکی پر چھاپہ مار کر 731بوتل شراب برآمد کرلی۔ اس دوران معلوم ہواکہ ملزم اہلکار ان بوتلوں کو اسلام آباد کے بدنام زمانہ شراب فروش کو فروخت کرنا چاہتا تھا۔تھانہ کوہسار نے ملک آصف کےخلاف مقدمہ درج کرلیا۔دوسری جانب ایس ایس پی اسلام آباد نے ملک آصف اور اس کے ساتھی 2اہلکاروں کو معطل کرتے ہوئے تینوں کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تینوں مفرور اہلکاروں کی گرفتاری کےلئے چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔ ملزم اہلکار نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے کیونکہ اعلی افسران بین الاقوامی شراب کی سمگلنگ میں ملوث ہیں او رشہر کے بدنام زمانہ منشیات فروش ’ملک صاحب‘ کیلئے کام کرتے ہیں۔ اسی دوران شہر کے صحافیوں کے گروپوں میں اسلام کے کرائم رپورٹروں کی ملزم پولیس اہلکار کے ساتھ خوش گپیوں کی تصاویر وائرل ہیں۔ (یہ تصویر اس جعلی خبر چلانے کیلئے پولیس نے جاری کی تھی جس میں دوسوچالیس بوتل شراب ناکے سے پکڑے جانے کی اطلاع دی گئی تھی)۔