عالمی خبریں

دبئی ایئر شو میں فضائی کرتب بازی کے دوران انڈین تیجس طیارہ تباہ، پائلٹ ہلاک

نومبر 21, 2025

دبئی ایئر شو میں فضائی کرتب بازی کے دوران انڈین تیجس طیارہ تباہ، پائلٹ ہلاک

دبئی ایئر شو میں فضائی کرتب بازی کے دوران ایک انڈین ہال تیجس جنگی طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔

جمعے کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بج کر 10 منٹ پر یہ طیارہ ہجوم کے سامنے فضائی شو کے دوران زمین پر گر کر تباہ ہوا۔

حادثے کے فوراً بعد رن وے کے قریب سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔

انڈین ایئر فورس نے حادثے میں پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

انڈین ایئر فورس نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’آئی اے ایف کا تیجس طیارہ آج دبئی ایئر شو میں فضائی نمائش کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ حادثے میں پائلٹ کو شدید چوٹیں آئیں۔‘

’آئی اے ایف جانی نقصان پر گہرا افسوس کرتا ہے اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑا ہے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کورٹ آف انکوائری تشکیل دی جا رہی ہے۔‘

حادثے کے وقت کئی خواتین، بچے اور دیگر شائقین مظاہرے کو قریب سے دیکھ رہے تھے، جنہوں نے حادثے کے بعد خوف اور حیرت میں منتشر ہونا شروع کر دیا۔

حکام نے علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب انڈین فضائیہ اس طیارے کا ایک جدید ورژن LCA Mk-1A اپنے بیڑے میں شامل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

یہ ایل سی اے کا اب تک ریکارڈ کیا گیا دوسرا حادثہ ہے۔
اس سے قبل 12 مارچ 2024 کو راجستھان کے جیسلمیر کے قریب ایک سنگل انجن تیجس فائٹر جیٹ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس سے محض چند منٹ پہلے ہی اس نے سہ فریقی سروسز مشق میں حصہ لیا تھا جس میں دفاعی مینوفیکچرنگ کے شعبے میں انڈیا کی خود انحصاری کی جانب پیش رفت کو ظاہر کیا گیا تھا۔
اس واقعے میں طیارے کا پائلٹ بحفاظت باہر نکل گیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے