دارالحکومت میں درختوں کی کٹائی فوری روک دی جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو وفاقی دارالحکومت میں درختوں کی کٹائی سے روک دیا ہے۔
جمعرات کو عدالت نے سی ڈی اے سے درختوں کی کٹائی سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کی۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے شہری محمد نوید احمد کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کی جانب سے مدثر لطیف عباسی ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔
درخواستگزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد کی حدود میں قواعدوضوابط کے خلاف درختوں کی کٹائی کا عمل جاری ہے، درختوں کی کٹائی سے ماحولیاتی تبدیلیاں بھی ہو رہی ہے جو خطرناک ہے۔
وکیل نے بتایا کہ پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
کمرہ عدالت موجود اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو روسٹرم پر طلب کرتے ہوئے عدالت نے پوچھا کہ آپ کیوں درخت کاٹ رہے ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت دو فروری تک سی ڈی اے کو درختوں کی کٹائی سے روک دیا۔
عدالت نے سی ڈی اے، پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی اور وزارت ماحولیاتی تبدیلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست میں اُٹھائے گئے نکات پر جواب طلب کیا اور تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔

