پاکستان

سانحہ گل پلازہ کراچی: اموات 26 ہو گئیں، 70 لاپتہ

جنوری 19, 2026

سانحہ گل پلازہ کراچی: اموات 26 ہو گئیں، 70 لاپتہ

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے پلازے میں لگنے والی آگ 30 گھنٹے بعد بڑی حد تک بُجھ گئی ہے۔

ضلع جنوبی کراچی کے ڈی آئی جی اسد رضا کے مطابق گزشتہ رات سے اب تک گل پلازہ سے 26 لاشیں نکالی گئی ہیں-

‏اُن کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کے واقعے میں مرنے والوں کی تعداد 26 ہوگئی، نکالی جانے والی متعدد لاشیں ناقابل شناخت ہے-

واقعے کے بعد تقریباً 70 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے موبائل نمبرز حاصل کر لیے گئے ہیں اور ابتدائی ڈیٹا کے مطابق 20 سے زائد افراد کی آخری لوکیشن گل پلازہ کے اندر کی سامنے آئی ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران مزید لاشیں نکالی گئیں جبکہ جلی ہوئی دکانوں اور ملبے سے ایک بچے سمیت متعدد افراد کے اعضا بھی ملے جنہیں سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

سنیچر کی شب گل پلازہ میں آگ سنیچر کی رات تقریباً سوا 10 بجے گراؤنڈ فلور پر لگی تھی، جو چند ہی لمحوں میں شدت اختیار کرتے ہوئے تیسری منزل تک پھیل گئی تھی۔

پولیس اور ریسکیو 1122 کے مطابق آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ عمارت کے کئی حصے گر گئے اور اندر موجود دکانیں مکمل طور پر جل کر راکھ بن گئیں۔

فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیوں اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا، تاہم تنگ راستوں، شدید دھوئیں اور بلند شعلوں کے باعث کارروائی میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

حکام کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے عمارت کے اندر داخل ہو کر محدود پیمانے پر سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران جلی ہوئی دکانوں اور ملبے سے لاشیں اور انسانی اعضا برآمد ہوئے۔

سانحے کے بعد گل پلازہ کے باہر رقت آمیز منظر تھا، جہاں متاثرہ خاندانوں کے افراد بے بسی کے عالم میں اپنے پیاروں کی خبر کے منتظر دکھائی دیے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے