پاکستان کا ٹی20 ورلڈکپ میں انڈیا سے نہ کھیلنا اچھا فیصلہ نہیں: آئی سی سی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا ہے کہ پاکستان کا فیصلہ کرکٹ کے بین الاقوامی نظام کو متاثر کر سکتا ہے۔
پاکستان کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا ہے اُس نے اِس بیان کو نوٹ کیا جو حکومت پاکستان نے اپنی قومی ٹیم کو آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں مخصوص/چنیدہ شرکت کی ہدایت کرنے کے فیصلے کے حوالے سے دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے باضابطہ رابطے کا انتظار کر رہا ہے، چنیدہ شرکت کی اس پوزیشن کو عالمی کھیلوں کے ایونٹ کی بنیادی بنیاد کے ساتھ ہم آہنگ کرنا مشکل ہے جہاں تمام اہل ٹیموں سے ایونٹ کے شیڈول کے مطابق یکساں شرائط پر مقابلہ کرنے کی توقع کی جاتی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی ٹورنامنٹس کھیلوں کی سالمیت، مسابقت، مستقل مزاجی اور یکساں مواقع پر مبنی ہوتے ہیں اور منتخب شرکت مقابلوں کی روح اور تقدس کو مجروح کرتی ہے۔
اگرچہ آئی سی سی قومی پالیسی کے معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے لیکن یہ فیصلہ عالمی کھیل یا پاکستان کے کروڑوں شائقین سمیت دنیا بھر کے کرکٹ مداحوں کے حق میں نہیں۔
آئی سی سی کو امید ہے کہ پی سی بی اپنے ملک میں اس کے کرکٹ پر طویل مدتی مضمرات پر غور کرے گا کیونکہ اس سے عالمی کرکٹ ایکو سسٹم پر اثر پڑنے کا امکان ہے جس کا وہ (پاکستان) خود ایک رکن اور فائدہ اٹھانے والا ہے۔
آئی سی سی کی ترجیح آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کا کامیاب انعقاد ہے جس کی ذمہ داری پی سی بی سمیت اس کے تمام ممبران کی بھی ہونی چاہیے۔ یہ توقع کی جاتی ہے کہ پی سی بی ایک باہمی طور پر قابل قبول صورت تلاش کرے گا جو تمام سٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ کرے۔
قبل ازیں پاکستان کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ اُس کی کرکٹ ٹیم انڈیا میں منعقد کیے جا رہے کرکٹ کے مختصر فارمیٹ کے عالمی مقابلوں میں شرکت کرے گی تاہم پڑوسی ملک سے ہونے والا میچ نہیں کھیلے گی۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔

