پاکستان

ضلع لکی مروت میں پولیس وین پر حملہ، افسر سمیت سات اموات

مارچ 13, 2026

ضلع لکی مروت میں پولیس وین پر حملہ، افسر سمیت سات اموات

خیبر پختونخوا کے ضلع ‏لکی مروت میں پولیس وین پر حملے میں مارے جانے والوں کی تعداد سات ہو گئی۔

ضلعی پولیس حکام کے مطابق تھانہ شادی خیل کی حدود میں پولیس وین پر حملے میں مارے جانے والے پولیس اہکاروں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔

‏ پولیس ترجمان نے بتایا کہ زخمی کانسٹیبل انصاف الدین بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئے۔

شادی خیل بیٹنی کی رسول خیل چیک پوسٹ کے قریب آئی ای ڈی کے ذریعے دھماکے کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں پولیس وین کے قریب شدت پسندوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا کہ ’سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔‘

ریسکیو 1122 کے مطابق لکی مروت دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے ان چھ پولیس اہلکاروں میں ایس ایچ او صدر اعظم، کانسٹیبل شاہ بہرام، کانسٹیبل شاہ خالد، کانسٹیبل حاجی محمد، کانسٹیبل گل زادہ، کنسٹیبل سخی زادہ شامل ہیں، جبکہ کنسٹیبل انصاف الدین شدید زخمی ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق دھماکے کی اطلاعات ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ہلاک ہونے والے اہلکاروں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔
لکی مروت میں چند دنوں سے تشدد کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

لکی مروت میں سنیچر کے دن منجیوالہ کے علاقہ میں ایک مارکیٹ میں دھماکے سے دو افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے تھے ان میں ایک پولیس امن کمیٹی کے سربراہ کے بھائی بتائے گئے ہیں۔

اس واقعہ کے بعد اتوار کے کے روز منجیوالہ روڈ کے قریب دو افراد کی لاشیں ملی تھیں۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یہ دونوں افراد مقامی طور پر کلعدم تنظیم کے ای کمانڈر کے بھائی تھے۔
اسی طرح سوموار کے روز تاجہ زئی کے علاقے سے بھی ایک نا معلوم شخص کی لاش ملی تھی جس کی شناخت کے لیے کوششیں کی جا رہی تھیں۔

ضلعی پولیس افسر نذیر خان کا کہنا تھا کہ ان واقعات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ابھی یہ تحقیقات جاری تھیں کہ منگل کے روز تختی خیل کے علاقے میں ایک کواڈ کاپٹر سے آبادی پر حملہ ہوا تھا جس میں پانچ بچیاں زخمی ہوگئی تھیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے