شوبز متفرق خبریں

اداکار راجپال کے قرض پر ایوارڈ شو میں ہلکا جُملہ، انڈین سوشل میڈیا پر طوفان

اپریل 7, 2026

اداکار راجپال کے قرض پر ایوارڈ شو میں ہلکا جُملہ، انڈین سوشل میڈیا پر طوفان

انڈیا میں فلم انڈسٹری کے ایک ایوارڈ شو کے دوران اداکار راجپال یادیو کے قرض کے بارے میں‌ ایک ہلکے جملے نے سوشل میڈیا پر بہت زیادہ توجہ حاصل کر لی ہے اور سُپر سٹار سلمان خان اُن کی حمایت میں‌ سامنے آئے ہیں-

شو کے دوران اداکار راجپال یادو کے بارے میں میزبان کی جانب سے کیا گیا ایک تبصرہ بظاہر مزاح میں‌تھا مگر اس نے ناظرین اور سوشل میڈیا صارفین کے شدید ردعمل کو جنم دیا۔

یہ واقعہ ممبئی میں ہونے والے سکرین ایوارڈز 2026 کے دوران پیش آیا جہاں بالی وڈ کی متعدد بڑی شخصیات موجود تھیں۔ اس ایونٹ کی میزبانی جن افراد نے کی اُن میں سوربھ دویدی بھی شامل ہیں۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سٹیج پر ایک سیشن کے دوران راجپال یادو کی جانب سے ملکی صورتحال اور انڈین روپے اور ڈالر کی قدر کے بارے میں‌ گفتگو کی تو میزبان سوربھ نے درمیان میں‌ ہی اُن کی بات کاٹتے ہوئے اُن کے قرض کیس سے متعلق تبصرہ کیا۔

اس کلپ میں میزبان کہہ رہے ہیں کہ راج پال بھائی، ڈالر کتنا بھی اوپر نیچے ہو جائے، آپ کو اتنی ہی رقم واپس کرنا پڑے گی، جتنا قرض لیا ہے-

اس تبصرے کے بعد راجپال نے کچھ لمحے خاموشی اختیار کی، پھر مسکراہٹ کے ساتھ جواب دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ تو سن لو ایک بار۔ میں تو مسئلہ ہی سنانا چاہتا ہوں۔

اس کے بعد سوربھ کے ساتھی میزبان نے گفتگو کا رُخ موڑنے کے لیے کہا کہ چونکہ معاملہ عدالت میں ہے تو ہم اس پر زیادہ گفتگو نہ کریں-

یہ ویڈیو وائرل ہے اور فلم انڈسٹری پر نظر رکھنے والے مبصرین کے علاوہ عام شہری بڑی تعداد میں اس پر بات کر رہے ہیں- زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ جب آپ کا زوال ہوتا ہے تو ہر کوئی ایسے ہی سلوک کرتا ہے-

بڑے پیمانے پر تنقید کو دیکھتے ہوئے راجپال یادیو نے ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے ایوارڈ شو کے میزبانوں‌ سوربھ اور ذاکر خان کے لیے بیان جاری کیا اور کہا کہ وہ ان کے بھائیوں جیسے ہیں اور اُن کے خلاف مہم روکی جائے-

اس دوران سُپر سٹار سلمان خان نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے راجپال یادیو کی حمایت کی اور کہا کہ وہ 30 برس سے اُن کو کام کرتے دیکھ رہے ہیں اور آگے بھی اُن کو کام ملے گا اور وہ اپنے کام پر توجہ دیں- ڈالر جتنا بھی اوپر چلا جائے انہوں‌ نے انڈیا میں ہی کام کرتے رہنا ہے اور مقامی کرنسی میں‌ ہی کمانا ہے-

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ راجپال یادیو کو قرض بروقت واپس نہ کرنے پر عدالت نے جیل بھیج دیا تھا جس کے بعد اداکار سلمان خان نے اُن کی ضمانت کرائی تھی-

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے