شوبز متفرق خبریں

’ارشاد بھٹی اب بھی دل کے قریب ہیں‘، اداکارہ میرا کا ردعمل اور یوٹیوبر کی معذرت

اپریل 22, 2026

’ارشاد بھٹی اب بھی دل کے قریب ہیں‘، اداکارہ میرا کا ردعمل اور یوٹیوبر کی معذرت

پاکستان میں‌ جیو نیوز کی سکرین کی وجہ سے تجزیہ کار بننے والے ارشاد بھٹی نے اداکارہ میرا سے نامناسب سوالات پر معذرت کر لی ہے-

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں‌ انہوں نے لکھا کہ مجھ سے محبت کرنے والے، مجھے دیکھنے، سننے والے، مجھ سے بہتری کی امید رکھنے والےسب دوستوں کی دل آزاری اور قابلِ احترام فلم سٹار میرا صاحبہ سے معذرت۔

ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ میرا ہمیشہ سے یہ ماننا ہے کہ ہر کوئی ہر لمحے سیکھ رہا ہوتا ہے اور جب کچھ بےدھیانی میں بھی غلط ہو جائے تو احساس ہونے کے بعد اُس پر معذرت کر لینی چاہیے۔ اور ہاں اُن سب اپنوں کا شکریہ جنہوں نے مجھے یہ احساس دلایا-

پاکستان ٹیلی ویژن کی تجزیہ کار فوزیہ یزدانی نے اس پر لکھا کہ وہ عمومی ہتھیار جو میسوجنسٹ مرد استمال کرتے ہیں- پہلے رکیک غلاظت بکو، پھر وکٹم بلیم کرو، پھر اپنی ذہنی نامردی کا دفاع کرو- پھر لیتر پریڈ بند نہ ہونے پر مینگنیوں والی معافی- اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہو- مگر کونٹینٹ آن لائن رہے گا-

فوزیہ یزدانی کے مطابق مردوں کے لیے یہان سے معاملہ رفع دفع اور عورت کی قبر تک ملامت-

ارشاد بھٹی کی معذرت والی پوسٹ کو ری پوسٹ کر کے پنجاب میں‌ ن لیگ کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا کہ آپ کی اتنی عمر ہو گئی اور آپ کو ابھی تک اتنی عقل نہیں آئی کہ عورت کی عزت کیسے کرنی ہے؟ خاتون فلم سٹار آپ کا پوڈکاسٹ چھوڑ کر جا رہی ہے اور آپ کو پھر بھی عقل نہیں آ رہی، اصل اس میں آپ کا قصور نہیں، قصور آپ کی تربیت اور مائنڈ سیٹ کا ہے۔ اور مائنڈ سیٹ ایسے ہی نہیں بن جاتے، اس میں بچپن سے جوانی تک کی تربیت ہوتی ہے، وہ تربیت چاہے والدین سے ملے، دوستوں یا وہ سوسائٹی جن میں آپ اٹھتے بیٹھتے ہیں-

پی ٹی آئی کی جانب جھکاؤ رکھنے والی ٹی وی اینکر شفا یوسفزئی نے ارشاد بھٹی کی معذرت پر لکھا کہ زبردست بھٹی صاحب! غلطی تسلیم کرنا اور اس پر معذرت کرنا آسان نہیں ہوتا اور یہ ہر ایک کے بس کی بات بھی نہیں ہوتی۔

کورٹ رپورٹر اور یوٹیوبر عمران وسیم نے کہا کہ سوشل میڈیا نے ایسی درگت بنائی کہ معذرت کرنا پڑ گئی-

شیری نامی ایک سوشل میڈیا ہینڈل سے لکھا گیا کہ دفع ہو جاؤ… کیمرے پر کسی عورت کو جان بوجھ کر ہراساں کرنا، اس کا لطف اٹھانا، پھر اسے نشر کرنا، یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو افسوس نہیں تھا۔ آپ معذرت کر رہے ہیں کیونکہ آپ کو ردعمل ملا (جس کی آپ کو توقع نہیں تھی)۔

ان کا کہنا تھا کہ معافی مانگنا کچھ بھی دھوتا نہیں۔ تم اب بھی ایک گھٹیا انسان ہو-

لاہور کی صحافی امبرین فاطمہ نے ارشاد بھٹی کی معذرت پر لکھا کہ چلیں آپ کو احساس ہو گیا، اُمید ہے آئندہ آپ احتیاط کریں گے۔ آگے بھی کسی کو پیسے دیں اگر پوڈ کاسٹ کے تو یہ نہیں سمجھیں گے کہ اس سے کچھ بھی پوچھا جا سکتا ہے کیونکہ میں نے اس کو پیسے دیے ہیں-

ن لیگی کارکن مقصود قریشی کے ایکس ہینڈل سے کہا گیا کہ اداکارہ میرا اور ارشاد بھٹی دونوں میں سے جب اداکارہ میرا معقول لگنے لگے تو اندازہ کریں ارشاد بھٹی کتنا گھٹیا، گرا ہوا کم ظرف انسان ہو گا؟

ثوبان کھوکھر نامی ایکس ہینڈل نے تبصرہ کیا کہ جب تک کوئی شو براہ راست نہیں ہوتا، اس میں ہر ردعمل، ہر لڑائی، اور ہر جذباتی لمحہ بہت باریکی سے منصوبہ بند کیا جاتا ہے۔ یہ سب مارکیٹنگ حربے ہوتے ہیں تاکہ سوشل میڈیا پر کلپس وائرل ہوں اور لوگ فلم کے بارے میں بات کریں۔ ​اور نتیجہ یہ نکلے کہ فلم کی ریچ بڑھ جائے۔

ایکس پر امتیاز راجہ نامی صارف نے لکھا کہ بڑی دیر کر دی مہرباں آتے آتے۔ کل اپ نے ایک ولاگ کر کے ویوز حاصل کر لیے اور کتنی لمبی تمہید باندھی اور غلطی تسلیم نہیں کی، بہتر تھا کل ہی اپنے ولاگ میں اپنے کیے پر شرمندگی ظاہر کرتے اور میرا جی سے اور تمام احباب سے معذرت کرتے، نیشنل ٹی وی پر تجزیہ کرنے والے کوئی یہ زیب نہیں دیتا-

جے یو آئی آنسرز بیک نامی ایکس ہینڈل نے اس پر پوسٹ کی کہ معذرت سے پہلے ولاگ بنا کر خود کی بکواس کا مزید دفاع کیا، اس پر ڈالر کمائے، جو سوالات آپ نے کیے ہیں وہی سوالات اپ سے بھی ہوں گے تب یہ مسئلہ ختم ہوگا، یکطرفہ نہیں-

دوسری جانب متاثرہ فریق اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ ’میں مریم نواز کی طرح ہی کام کرتی ہوں، میں لالی وڈ کوئین ہوں، پوڈ کاسٹ میں جو کچھ ہوا، میں اس کی تفصیل میں نہیں جاؤں گی۔ بس میں ارشاد بھٹی صاحب کو معاف کرتی ہوں، وہ میرے دل کے اب بھی قریب ہیں۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے