جب ہالی وڈ اداکارہ شارلز تھیرون کی والدہ نے اُن کے والد کو گولی ماری
ہالی وڈ کی سٹار اداکارہ شارلز تھیرون کی زندگی کا سب سے صدمے والا واقعہ ان کی کم عمری یا نوجوانی کے دوران پیش آیا، جب ان کی ماں نے ان کے والد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا- اگرچہ اُس وقت یہ ایک المیہ تھا، لیکن اس اداکارہ نے کہا ہے کہ اب وہ خوفناک یاد ان کو پریشان نہیں کرتی۔
ہالی ووڈ کے سب سے اہم شخصیات میں سے ایک بننے کے بعد، شارلز نے دی نیو یارک ٹائمز میگزین کے ساتھ ایک انٹرویو میں اپنے تجربات کے بارے میں بات کی، کیونکہ ان کا خیال ہے کہ اپنے اس طرح کے تجربات کے بارے میں بات کر کے دوسروں کی مدد کی جا سکتی ہے-
اداکارہ کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے یہ اپنی نوعیت کا کوئی ایک ہی واقعہ نہیں ہے۔ یہ چیزیں بہت سے گھروں میں ہوتی ہیں۔ خواتین کے ساتھ بہت، بہت زیادہ غیرمنصفانہ سلوک کیا جاتا ہے، یہاں تک کہ اس ملک میں بھی۔ کوئی بھی ان کی صورتحال کو سنجیدگی سے نہیں لیتا۔ اور مجھے نہیں لگتا کہ کسی نے میری ماں کو سنجیدگی سے لیا ہو…
شارلِز نے کہا کہ ”میرا خیال ہے کہ ہمیں ان چیزوں کے بارے میں بات کرنی چاہیے تاکہ لوگ خود کو اکیلا محسوس نہ کریں۔ میں نے اس قسم کی کہانی پہلے کبھی نہیں سنی تھی۔ جب یہ ہمارے ساتھ ہوا، میں نے سوچا کہ ہم ہی اکیلے ہیں۔ یہ یاد اب مجھے پریشان نہیں کرتی۔“
انٹرویو کے دوران 50 سالہ اداکارہ نے وہ رات یاد کی جب ان کے والد کو ان کی ماں نے اپنا دفاع کرتے ہوئے گولی مار دی تھی۔ ان کے والد چارلس تھیرون نے 1991 میں ساؤتھ افریقہ میں اپنے گھر پر نشے کی حالت میں ان کو اور ان کی ماں گیرڈا کو مارنے کی دھمکی دی تھی۔
اس وقت اداکارہ شارلز کی عمر 15 برس تھی۔

