متفرق خبریں

پاکستان میں چار دن تک شدید گرمی، کون کون سے علاقے متاثر ہو سکتے ہیں؟

مئی 7, 2026

پاکستان میں چار دن تک شدید گرمی، کون کون سے علاقے متاثر ہو سکتے ہیں؟

پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قائم محکمے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ملک کے وسطی اور جنوبی حصوں میں سات سے 11 مئی تک جبکہ بالائی علاقوں میں آٹھ سے 10 مئی کے دوران گرمی کی شدید لہر آ سکتی ہے۔

قبل ازیں محکمہ موسمیات پیش گوئی کر چکا ہے کہ بالائی فضا میں زیادہ دباؤ کے باعث درجہ حرارت میں غیرمعمولی اضافہ متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے حکام کو خدشہ ہے کہ اس دوران کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے اور درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سیلسیئس تک پہنچ سکتا ہے۔

پاکستان کے جنوبی علاقوں میں‌ صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع اور ساحلی شہر کراچی شامل ہیں‌ جبکہ وسطی علاقے میں صوبہ پنجاب کا بڑا حصہ شمار کیا جاتا ہے-

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق چند روز قبل صوبہ سندھ میں کراچی اور حیدر آباد میں شدید گرمی سے کم از کم دو شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ فلاحی اداروں ایدھی اور چھیپا نے ہیٹ سٹروک سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 سے زیادہ بتائی تھی۔

سندھ کے قدرتی آفات سے بچاؤ کے محکمہ کے مطابق صوبے میں ایک ہزار سے زیادہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کے کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ ملک کے بالائی حصوں میں 10 مئی کی شب سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہو گی۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات کے بیان کے مطابق ملک کے موسمیاتی ریکارڈ کے مطابق مئی اور جون سال کے سب سے گرم مہینے ہوتے ہیں۔

ان مہینوں کے دورن جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور جنوبی و مشرقی بلوچستان ملک کے زیادہ گرم رہنے والے علاقے ہیں جہاں ہیٹ ویو کی صورت میں درجہ حرارت بعض اوقات کچھ علاقوں میں 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق دادو، شہید بے نظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہروفیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ، اور سکھر میں درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

کراچی میں بھی اس دوران شدید گرم موسم متوقع ہے جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان کی صوبائی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سبی، نصیرآباد، جعفرآباد، تربت اور پنجگور میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جانے کا امکان ہے-

این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں جیسے ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، راجن پور، کوٹ ادو، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، کرک، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

بالائی اور وسطی پنجاب کے شہروں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور اور سیالکوٹ میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے