اہم خبریں

بلوچستان میں دو ٹریفک حادثات میں افغان شہریوں سمیت 14 افراد ہلاک

مئی 9, 2026

بلوچستان میں دو ٹریفک حادثات میں افغان شہریوں سمیت 14 افراد ہلاک

بلوچستان کے دو مختلف اضلاع میں ٹریفک حادثات میں نو افغان شہریوں سمیت 14 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوئے ہیں۔

افغان شہریوں کی ہلاکتوں کا واقعہ سرحدی ضلع چاغی میں دالبندین کے قریب پیش آیا۔ دالبندین کے پرنس فہد ہسپتال کے مطابق حادثے کی نوعیت شدید ہونے کے باعث نو افراد ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہلاک ہو چکے تھے۔

ہسپتال حکام کا کہنا تھا کہ نو لاشوں کے علاوہ سات شدید زخمی افراد کو ہسپتال لایا گیا جن میں سے ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔ بیان کے مطابق باقی چھ افراد کو طبی امداد کی فراہمی کے بعد علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے زیادہ تر افراد افغان شہری تھے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصاویر کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ دالبندین سے دس کلومیٹر کے فاصلے پر یہ حادثہ ڈھڈر کے مقام پر ایک فیلڈر کار اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے باعث پیش آیا۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثے کی وجہ سے فیلڈر گاڑی بُری طرح سے تباہ ہو گئی جس میں سوار زیادہ تر افراد ہلاک ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑی کا ڈرائیور مقامی تھا جبکہ باقی تمام افراد افغان شہری، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ افغان شہری کوئٹہ کی جانب جا رہے تھے۔

دوسرا حادثہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے متصل ضلع پشین میں کاریزات کے علاقے میں نانا صاحب کے قریب پیش آیا۔ پشین پولیس کے حکام نے بتایا کہ اس علاقے میں ایک زرنج رکشہ کھائی میں گر گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثے کی وجہ سے زرنج رکشے میں سوار خاتون سمیت چار افراد ہلاک جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں بھی خواتین اور بچے شامل ہیں جنھیں طبی امداد کی فراہمی کے بعد علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

بلوچستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک کا یہ تیسرا بڑا حادثہ تھا۔ گذشتہ روز ضلع جھل مگسی کے علاقے باریجہ میں ایک بس کو حادثہ پیش آنے کی وجہ سے چار افراد ہلاک اور 22 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے