کینیڈا میں جنوبی ایشیائی تاجروں کو بھتے کی پرچیاں دینے والا گینگ گرفتار، بڑے انکشافات متوقع
کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں پیل ریجنل پولیس نے جنوبی ایشیائی کاروباری افراد کو نشانہ بنانے والے ایک مبینہ بین الاقوامی بھتہ خور گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 17 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان پر مجموعی طور پر 106 سے زائد فوجداری الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان ایک منظم جرائم پیشہ نیٹ ورک سے منسلک تھے، جو برامپٹن، مسی ساگا، کیلڈن اور برٹش کولمبیا سمیت مختلف علاقوں میں جنوبی ایشیائی کمیونٹی، خصوصاً کاروباری شخصیات کو دھمکیوں، فائرنگ، آتشزدگی اور بھتہ خوری کے ذریعے خوفزدہ کرتا رہا۔
تحقیقات میں اس نیٹ ورک کے امریکی ریاست کیلیفورنیا سے روابط بھی سامنے آئے ہیں۔متعدد قانون نافذ کرنے والے ادارے اس مشترکہ تحقیقات کا حصہ رہے۔ پولیس کے مطابق دسمبر 2025 میں خصوصی ٹاسک فورس کے تحت تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق متاثرہ کاروباری افراد، جن میں ریسٹورنٹس اور ٹرکنگ کمپنیوں کے مالکان بھی شامل ہیں، کو مسلسل دھمکیاں دی جاتی تھیں اور رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ان کی جائیدادوں پر حملے کیے جاتے تھے۔
پولیس چیف نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیائی کمیونٹی میں خوف کی فضا پیدا کرنے والے ایسے جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور متاثرہ افراد سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دھمکی یا بھتہ طلبی کی صورت میں فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔
ماہرین کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں کینیڈا میں جنوبی ایشیائی کاروباری افراد کو نشانہ بنانے والے بھتہ خوری کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خصوصی ٹاسک فورسز قائم کی ہیں۔

