کینیڈین شاپنگ مال کے چینج روم میں سرکاری پستول بھولنے پر پولیس افسر کے خلاف کارروائی
نورالامین دانش
کینیڈا کے شہر مسسی ساگا کے معروف سکوائر ون شاپنگ مال Square One Shopping Centre میں ایک پولیس افسر کی جانب سے سرکاری لوڈڈ پستول، اضافی میگزین اور ہتھکڑیاں کپڑوں کی دکان کے چینج روم میں بھول جانے کے واقعے پر Peel Regional Police نے محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے افسر کو 15 روز کی تنخواہ ضبط کرنے کی سزا دی ہے۔
پیل ریجن پولیس کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق افسر نے بدانتظامی (Misconduct) کے الزام میں (Settlement Agreement) کے تحت ذمہ داری قبول کر لی، جس کے بعد محکمانہ کارروائی مکمل کی گئی۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ واقعہ 16 دسمبر 2024 کو پیش آیا، جب افسر سادہ لباس میں ڈیوٹی انجام دے رہی تھیں۔ لنچ بریک کے دوران وہ Mango اسٹور میں کپڑے آزمانے کے لیے چینج روم گئیں، جہاں انہوں نے اپنا ڈیوٹی بیلٹ اتار دیا۔ بیلٹ کے ساتھ سرکاری پستول، اضافی لوڈڈ میگزین اور ہتھکڑیاں موجود تھیں۔اسی دوران انہیں فون پر ترجمے سے متعلق ایک کال موصول ہوئی اور وہ جلدی میں اسٹور سے باہر نکل گئیں، تاہم ڈیوٹی بیلٹ چینج روم میں ہی رہ گیا۔
بعد ازاں سٹور کے ایک ملازم نے پولیس کا سامان دیکھ کر فوری طور پر مال سکیورٹی کو اطلاع دی، جس کے بعد موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے اسلحہ اور دیگر سامان اپنی تحویل میں لے لیا۔ کچھ دیر بعد متعلقہ افسر کو اپنی غلطی کا احساس ہوا، انہوں نے اسٹور اور مال سکیورٹی سے رابطہ کیا اور سامان واپس حاصل کر لیا۔
واقعے کے بعد معاملہ Peel Regional Police Internal Affairs Unit کے سپرد کر دیا گیا۔ مارچ 2025 میں افسر پر Criminal Code کے تحت Unsafe Storage of a Firearm کا الزام بھی عائد کیا گیا۔ تاہم اس الزام کا حتمی عدالتی فیصلہ اس رپورٹ کی تیاری تک سامنے نہیں آیا، اس لیے فوجداری مقدمے کے نتائج کے بارے میں کوئی حتمی دعویٰ نہیں کیا جا سکتا۔
پیل ریجن پولیس کے مطابق محکمانہ کارروائی کا مقصد پولیس اہلکاروں کے پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنا، شفافیت کو فروغ دینا اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانا ہے۔
یہ واقعہ اس لیے بھی توجہ کا مرکز بنا کہ سرکاری اسلحہ ایک مصروف عوامی شاپنگ مال کے چینج روم میں رہ گیا تھا۔ خوش قسمتی سے اسٹور کے ملازم نے فوری اطلاع دے کر ممکنہ خطرے کو ٹال دیا اور اسلحہ محفوظ طریقے سے پولیس کی تحویل میں واپس آ گیا۔

