پختونخوا کے ضلع ہنگو میں جھڑپ، پولیس افسر سمیت 9 اہلکار مارے گئے
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے ہنگو میں خزینہ چیک پوسٹ پر حملے اور جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈی ایس پی سمیت 9 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 15 شدت پسند مارے گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے جاری بیان مطابق بدھ کے روز ہونے والے حملے اور اس کے جواب میں کیے جانے والے آپریشن میں ڈی ایس پی دیار خان سمیت 9 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت 28 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہنگو کی خزینہ بانڈہ چوکی پر شدت پسندوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جب چوکی میں موجود اہلکاروں کی مدد کے لیے ایس ڈی پی او سٹی کی سربراہی میں اضافی نفری روانہ کی گئی تو راستے میں گھات لگائے بیٹھے شدت پسندوں نے کمک کے لیے آنے والی نفری کو نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں بکتر بند گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں 15 شدت پسند ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقابلے کے دوران ڈی ایس پی دیار خان سمیت 9 اہلکار جبکہ 28 جوان زخمی ہوئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شدت پسندوں اور پولیس کے مابین مقابلہ تاحال جاری ہے۔

