نئی دہلی کی کثیر المنزلہ عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 21 افراد ہلاک
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی کی ایک کثیر المنزلہ عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 21 افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں جنوبی ایشیائی ممالک کے کئی شہری بھی شامل ہیں، جو اپنے طبی علاج یا زیرِ علاج عزیزوں کے ساتھ انڈیا آئے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ اس عمارت میں قریبی نجی ہسپتال میں علاج کے لیے آنے والے مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کو رہائش فراہم کی جاتی تھی۔
آگ لگنے کے بعد 40 سے زیادہ افراد کو بچا کر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مالویہ نگر کے علاقے میں واقع عمارت میں آگ لگنے کے وقت کتنے افراد اس میں موجود تھے، آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پا لیا ہے جبکہ مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
مقامی فائر افسر اے کے ملک کا کہنا ہے کہ ’آگ پر کافی جلد قابو پا لیا گیا اور اسے بہت تیزی سے محدود کر دیا گیا تھا۔ ہم نے اب عمارت کو کلیئر کر دیا ہے اور پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔‘
دہلی میں وزیر آشیِش سود کا کہنا ہے کہ حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا اس عمارت کے پاس بیڈ اینڈ بریکفاسٹ سہولت کے طور پر کام کرنے کے لیے ضروری اجازت نامے موجود تھے یا نہیں۔
انھوں نے کہا کہ کسی بھی خلاف ورزی کے ذمہ دار پائے جانے والوں کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم نریندر مودی نے ہلاک ہونے والوں کے اہلِ خانہ کے لیے دو لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50ہزار روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔

