صدر ٹرمپ کو ’امن کے داعی‘ کے طور پر یاد رکھا جائے گا: پاکستانی وزیراعظم
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں قیام امن کے لیے وہ امریکی صدر کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے اور صدر ٹرمپ کو ’امن کے داعی‘ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
جمعرات کو اسلام آباد میں امریکہ کی 250 ویں سالگرہ کے موقع پر امریکی سفارتخانے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ’امریکہ اور ایران کے درمیان ایک مخلص ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے کہ وہ اعتماد کے اظہار پر امریکہ اور ایران کے شکر گزار ہیں۔
اپنے خطاب میں انھوں نے ’علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو آگے بڑھانے‘ کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وہ دعا گو ہے کہ جلد خطے میں پائیدار امن قائم ہو۔ اس موقع پر پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے 1979 کے انقلاب کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان اعلی ترین مذاکرات اسلام آباد میں منعقد کروانے پر پاکستان کی تعریف کی۔
ان کا کہنا تھا کہ تہران اور واشنگٹن دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے کے باعث دو مخالف ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے کے حوالے سے پاکستان کو منفرد حیثیت حاصل تھی۔
’یہ پاکستان کا لمحہ تھا اور پاکستان اس پر پورا اترا۔‘

