متحدہ عرب امارات کی ایران کو رقوم کی منتقلی کی خبروں کی تردید
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے بعض بین الاقوامی میڈیا میں شائع ہونے والی اُن خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں ایران کو مالی وسائل کی منتقلی یا فراہمی کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
وزارت خارجہ کی جانب سے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے ایران کو رقوم کی منتقلی سے متعلق دعوے بشمول تین ارب ڈالر کی منتقلی کی رپورٹس ’غلط‘ ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نہ تو ایران کے منجمد اثاچے واپس کیے گئے ہیں اور نہ ہی متحدہ عرب امارات کے ذریعے منتقل کیے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے چار باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے ایران کو اربوں ڈالر جاری کرنے پر اتفاق کیا ہے اور ان رقوم کا کچھ حصہ تہران کو فراہم بھی کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایرانی میڈیا پر آنے والی ممکنہ معاہدے کے متن کی خبروں پر تنقید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ’ایران کو کوئی نقد رقم نہیں دی جا رہی اور نہ ہی کسی معاہدے پر دستخط کرنے یا کسی اجلاس میں شرکت کے بدلے فنڈز جاری کیے جا رہے ہیں۔‘
