بجٹ2026: وکیلوں اور ڈاکٹروں سے 15 فیصد ٹیکس وصولی پر عملدرآمد کی کوشش ہوگی، ایف بی آر
آئندہ مالی سال کے بجٹ کے اعلان کے بعد پاکستان میں ٹیکس وصول کرنے والے ادارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام نے ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کی شرح میں ردوبدل کے حوالے سے ٹیکنکل بریفنگ میں بتایا ہے کہ بجٹ میں نئے ٹیکس نہیں لگائے گئے ہیں بلکہ کوشش کی گئی ہے جہاں زیادہ ٹیکس لیا جا رہا تھا یا جہاں ٹیکس کی چوری زیادہ ہو رہی ہے وہاں کچھ اقدامات کیے جائیں۔
ٹیکس حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معشیت میں مزید ٹیکس لگانے کی گنجائش نہیں ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ معاشی استحکام کے بعد اب معاشی ترقی کی جانب بڑھا جائے، جس کے لیے ضروری ہے کہ ٹیکس کی شرح کو کم کیا جائے۔
ایف بی آر کے حکام کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ اس بار بجٹ میں نئے ٹیکس لگانے کے بجائے ایڈجسمنٹس کی گئی ہیں اور ایف بی آر اپنی مانیٹرنگ اور دی گئی رعایت ختم کرنے کے آمدن بڑھائے گا۔
انھوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران ایف بی آر نے اپنی انفورسمنٹ کے ذریعے 389 ارب وصول کیے ہیں اور اگلے مالی سال کے دوران بھی انھی اقدامات کے نفاذ سے 450 ارب روپے تک ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
دوسری جانب حکومت نے بجٹ میں موجود آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن اور ماحول دوست ایندھن تیار کرنے کے لیے ریفائنریوں کو پانچ سال کے لیے ٹیکس میں چھوٹ دینے کی تجویز دی ہے اور اس کے لیے ریفائنری پر عائد 18 فیصد ٹیکس کو ختم کر کے صفر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ایکسپورٹر پر عائد ٹیکس کی شرح 2 فیصد سے کم کر کے 1.25 فیصد کر دی گئی ہے۔
حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوریئر کمپنیز، ہوٹل، ٹرانسپورٹ، ایئر کارگو، رینٹل کار اور آؤٹ سورسنگ کی خدمات پر ٹیکس کی موجودہ شرح کو 6 فیصد سے بڑھا کر 7 فیصد کرنے کی تجویز دی ہے۔
ٹرمینل اور پورٹ سروسز پر عائد ٹیکس کی شرح کو 15 فیصد سے کم کر کے 12 فیصد کرنے کی تجویز دی ہے۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پروفیشنلز کی خدمات جیسے ڈاکٹرز، وکیل اور کنسلٹنٹس کی خدمات پر عائد 15 فیصد ٹیکس کی شرح کو برقرار رکھا گیا ہے لیکن ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس بار کوشش کی جائے گی کہ اس ٹیکس کے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں حکومت نے سینیٹری پیڈز اور مانع حمل ادویات پر عائد 18 فیصد سیلز ٹیکس ختم کرنے کی تجویز دی ہے۔
حکومت نے ملک میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی ضرورت کے لیے الیکٹرولائٹس والی مشروبات پر عائد فیڈرل ایکسائز ختم کر دی ہے۔

