مودی اور صدر شی عظیم اور پسندیدہ، فیلڈ مارشل اور اُن کے وزیراعظم بھی: ڈونلڈ ٹرمپ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی اور انڈین وزیراعظم مودی کو عظیم رہنما قرار دیتے ہوئے پاکستانی وزیراعظم اور آرمی چیف کی تعریف کی ہے۔
امریکی ویب سائٹ ایگزیوس کو ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ پاکستانی رہنماؤں نے ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت طے کرنے میں امریکہ کی مدد کی تھی کیونکہ وہ ’ایرانیوں کو جانتے تھے۔‘
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’ہم نے انھیں (ایران کو) فوجی سطح پر پوری طرح شکست دی۔ پاکستان، جو ہمارے قریب ہے، نے مجھ سے درخواست کی کہ مزید حملے نہ کیے جائیں۔‘
انٹرویو کے دوران جب امریکی صدر سے پوچھا گیا کہ وہ دنیا بھر میں اپنے دو پسندیدہ رہنماؤں کے نام بتائیں تو انھوں نے چینی صدر شی جنپنگ اور انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کے نام لیے۔
نریندر مودی کے بارے میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’وہ جنگوں سے دور رہتے ہیں جو کہ دانشمندانہ ہے۔ ان کے پاس ایک ارب 50 کروڑ لوگوں کا ملک ہے۔۔۔ مودی عظیم رہنما ہیں اور ہم ان کے ساتھ بہت کاروبار کرتے ہیں۔‘
امریکی صدر نے کہا کہ اب امریکہ انڈیا کے ساتھ ’منصفانہ کاروبار کرتا ہے۔ وہ ہمارا فائدہ اٹھاتے تھے۔ میں انھیں قصوروار نہیں سمجھتا کیونکہ ہمارے سیاستدان احمق تھے۔‘
صدر ٹرمپ نے کہا کہ انڈیا نئے کاروباری نظام سے خوش نہیں لیکن ’مودی عظیم ہیں۔ صدر شی عظیم ہیں۔ اگر آپ دونوں پر فلم بنانا چاہیں تو آپ کو ہالی وڈ میں کوئی مرد نہیں ملے گا۔‘
انڈین وزیراعظم کی تعریف کرنے کے بعد صدر ٹرمپ نے پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’فیلڈ مارشل عظیم ہیں اور ان کے وزیراعظم بھی۔ دونوں کے آپس میں اچھے تعلقات ہیں۔‘
امریکی صدر نے کہا کہ یہ منظر ’خوبصورت‘ ہے کہ ’فوجی آدمی پوری طرح وزیراعظم کا احترام کرتا ہے۔‘