اسلام آباد میں ایرانی صدر کے دورے کی تیاریاں، سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات
ایران کے صدر مسعود پزشکیان آج پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
ایرانی صدر کے ترجمان حبیب عباسی کے مطابق یہ دورہ ممکنہ طور پر ایک روز پر مشتمل ہو گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر گذشتہ دوروں کی قراردادوں پر عمل درآمد، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے اور پاکستان کے کردار کی تعریف کے لیے پاکستان آئیں گے۔
پاکستان کے دفترِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ ’اسلام آباد مفاہمت یادداشت‘ پر دستخط کے بعد جاری سفارتی مصروفیات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کی علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی بات چیت کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔
دفترِ خارجہ کے مطابق ایرانی صدر پاکستان کے صدر اور وزیرِ اعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کریں گے۔
بطور صدر مسعود پزشکیان کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہو گا۔ ایرانی صدر نے اس سے قبل اگست 2025 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
ایرانی صدر کی آمد کے تناظر میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں تیاریاں جاری ہیں اور سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد کے مختلف حصوں کو ایران اور پاکستان کے جھنڈوں سے سجا دیا گیا ہے۔
اس دورے کے تناظر میں شہر میں عام تعطیل کا اعلان تو نہیں کیا گیا تاہم اسلام آباد کے ریڈ زون میں موجود سرکاری دفاتر کے ملازمین آج ’ورک فرام ہوم‘ یعنی گھر سے کام کریں گے تاہم چند وزارتوں کے دفتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اگلے حکم تک شہر میں کسی بھی جانب یا کسی بھی شاہراہ سے آنے والی ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔