غلط پرچم کی نمائش، پاکستانی شائقین کے احتجاج کے بعد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی معافی
لندن میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ایف آئی ایچ پرو لیگ کے ہاکی میچ میں انڈیا نے پاکستان کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی لیکن پاکستانی شائقین کا غم و غصہ شکست کے بجائے غلط پرچم دکھانے پر نظر آیا-
پاکستانی شائقین شکست پر بعد میں غمگین ہوئے لیکن میچ کے شروع ہونے سے قبل میدان میں غلط پرچم کی نمائش کیے جانے پر وہ شدید غصے کا اظہار کرتے نظر آئے۔
یہ معاملہ اس قدر سنگین ہو گیا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو پاکستان سے معافی مانگنا پڑی۔
یہ واقعہ 23 جون کو لندن میں ہاکی پرو لیگ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ سے قبل قومی ترانوں کی تقریب کے دوران پیش آیا۔ تقریب کے دوران جب پاکستان کا قومی پرچم سامنے لایا گیا تو اس میں دو رنگوں یعنی سفید اور سبز کی بجائے صرف ایک سبز رنگ تھا۔
بین الاقوامی ایونٹ میں غلط قومی پرچم پر پاکستان کے سوشل میڈیا اور ہاکی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا، جس کے بعد پرو لیگ انتظامیہ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے باضابطہ تحریری معذرت کی ہے۔

