تین برسوں میں چوتھی آگ، اسلام آباد کے ہفتہ وار بازار میں 12 کروڑ کا نقصان
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن میں واقع اتوار بازار میں لگی آگ پر منگل کو رائے گئے قابو پالیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے اس عمل میں ریسکیو 1122 کی چھ گاڑیاں مصروف رہیں جبکہ پاک بحریہ کی فائر بریگیڈ نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ بازار کے مجموعی طور پر نو حصوں تک پھیل گئی تھی جس کے نتیجے میں 380 سے زائد سٹال متاثر ہوئے۔ ابتدائی طور پر مالی نقصان کا تخمینہ تقریباً 12 کروڑ روپے لگایا جا رہا ہے۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
گذشتہ تین برس کے دوران اسلام آباد کے ایچ نائن اتوار بازار میں آتشزدگی کا یہ چوتھا بڑا واقعہ ہے۔
جولائی 2024 میں بھی اسی بازار میں آگ لگی تھی جس کے نتیجے میں 625 سٹال مکمل طور پر جل گئے تھے۔
حکام کے مطابق ایچ نائن اتوار بازار میں مجموعی طور پر دو ہزار 743 سٹال موجود ہیں۔

