اہم خبریں

صحافی اب صحافی نہیں رہے، عماد احمد کا کالم

جون 24, 2026

صحافی اب صحافی نہیں رہے، عماد احمد کا کالم

حبس کا موسم آیا نہیں لیکن سانس رکتا محسوس ہوتا ہے، کیونکہ یہ گھٹن موسم کی نہیں بلکہ جبر کی دین ہے جس نے سیاست، مکالمے، انسانی حقوق، آزادی اظہار رائے اور انصاف سمیت ہر اس چیز کا گلہ گھوٹ دیا ہے جو زندہ اور جمہوری معاشروں کی پہچان ہے۔

ہماری عالمی افق پر کامیابیاں سر آنکھوں پر، امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی پر ڈھیروں مبارکیں لیکن کامیابی کا یہ تاج پہنتے ہوئے یہ مت بھولیں کہ آپ اپنے ملک میں اپنوں کو ہی روندتے ہوئے کامیابی کا جشن منا رہے ہیں۔ پنجاب عملاً پولیس اور ناگوار سیاسی تشہیری مہم کے غلبے میں ہے، یوں گمان ہوتا ہے کہ ملکہ عالیہ رعایا پر احسان فرما رہی ہیں۔

کراچی کے باسی اپنے شہر کی حالت پر گھٹ گھٹ کر مر رہے ہیں اور اندرون سندھ میں پیپلز پارٹی ہر دن یہ ثابت کر رہی ہے کہ ‘جمہوریت بہترین انتقام ہے۔’
خیبر پختونخوا میں ‘عاشقوں کی حکومت’ ہے جو اڈیالہ جیل کے باہر پریس کانفرنسز کو حکومت سمجھ بیٹھی ہے۔ دہائیوں کی دہشت گردی اور بیڈ گورننس سے متاثرہ صوبے کا پرسان حال کوئی نہیں اور اس پر زیادہ تکلیف دہ بات یہ کہ اس کا ازالہ بھی ہوتا نظر نہیں آتا۔

بلوچستان کی کیا بات کریں کہ اس صوبے کے ساتھ اس ملک کے حکمرانوں بلکہ عوام تک نے بھی سوتیلوں جیسا سلوک کیا ہے۔ یہاں سیاست نہیں فوج کی بادشاہت ہے سیاست دان نہیں غلام ہیں محبت نہیں نفرت ہے امید نہیں انہونی کا خوف ہے بلکہ یہ صوبہ ہماری اجتماعی ناکامیوں کی عملی شکل ہے۔ اس صوبے کی ایک نڈر خاتون کو انصاف کا قتل کرتے ہوئے سزا ہوتی ہے اور دی نیشن نامی انگریزی اخبار اس کو سراہتا ہے۔ صحافت کی اتنی بے توقیری کا سوچا نہیں تھا۔

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کی بات کریں تو وہاں لے لوگ جب تک خاموش رہتے ہیں تو ‘شہ رگ’ کہلاتے ہیں اور اپنے حقوق کے لیے بولیں تو ‘دہشت گرد’ بن جاتے ہیں۔
عدلیہ متکبر ججوں کے دور سے نکل کر اب صاحب اختیار کی باندی بن چکی ہے۔ انصاف اب اعلیٰ افسر کی آبرو جنبش کی دین ہے، عدالتیں نئی لیکن نظام انصاف وہ ہی پرانا ہے۔

صحافی اب صحافی نہیں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارندے بن چکے ہیں اور رہی سہی کسر یوٹیوب پر صحافت نے نکال دی ہے۔ اخبارات روبہ زوال ہیں اور ٹی وی چینلز واٹس ایپ پر آنے والے پیغامات کے محتاج۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے