اہم خبریں

فٹبال کا تاریخی انتقام، ’یہ پینلٹی نہیں تھی‘ نعرے کی واپسی

جولائی 1, 2026

فٹبال کا تاریخی انتقام، ’یہ پینلٹی نہیں تھی‘ نعرے کی واپسی

علی ارقم، تجزیہ کار

مراکش بمقابلہ نیدرلینڈر کے ناک آؤٹ مرحلے کے میچ میں ایک دلچسپ منظر دیکھنے کو ملا، میکسیکو میں ہونے والے اس میچ میں، ہزاروں مقامی شائقین اچانک مراکش کے حامی بن گئے تھے اور مراکش کی جرسی پہن کر نیدرلینڈز کے خلاف نعرے لگا رہے تھے، ہر ٹچ پر سیٹیاں بجا رہے تھے
میکسیکو اور مراکش کے درمیان کوئی تاریخی سیاسی اتحاد نہیں، نہ کوئی روایتی فٹبال دوستی موجود ہے۔ لیکن فٹبال کی دنیا میں بعض تعلقات جغرافیہ سے نہیں بلکہ اجتماعی یادداشت سے بنتے ہیں۔

اس کہانی کی ابتدا 29 جون 2014 سے ہوتی ہے۔ یعنی آج سے بارہ قبل برس اسی تاریخ یعنی 29 جون کو برازیل میں ہونے والے ورلڈ کپ 2014 کے راؤنڈ آف 16 میچ تھا، میکسیکو بمقابلہ نیدر لینڈ میکسیکو اس رات نیدرلینڈز کے خلاف بہتر کھیل رہا تھا۔ ان کا پلڑا بھاری لگ رہا تھا پھر آخری لمحوں میں وہ واقعہ پیش آیا جس نے آنے والے برسوں میں ایک فٹبال میم، ایک قومی نعرے اور ایک اجتماعی زخم کی شکل اختیار کر لی۔
ڈچ فارورڈ آریئن روبن پنالٹی ایریا میں گرے، ریفری نے پنالٹی دے دی، اور نیدرلینڈز نے میچ 2-1 سے جیت لیا۔
قوانین کی رو سے آج بھی بہت سے مبصرین اس فیصلے کو درست مانتے ہیں، لیکن میکسیکو میں بحث قوانین کے بارے میں نہیں تھی، اصل سوال یہ تھا کہ کیا ایک بار پھر تاریخ نے ان کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔

مسلسل ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں ناک آؤٹ میچز کے پہلے ہی میچ میں باہر ہو جاتا ہے۔ اسی وجہ سے میکسیکن فٹبال میں پانچواں میچ (Quinto Partido) ایک خواب، ایک نفسیاتی رکاوٹ اور ایک قومی خواہش بن چکا ہے۔ اس وقت گروپ مرحلے کے تین میچوں اور راؤنڈ آف 16 کے بعد کوارٹر فائنل میں پہنچنا دراصل اس پانچویں میچ تک رسائی تھی جس نے تقریباً ایک نسل کے فٹبال شائقین کا تخیل اپنے قبضے میں لے رکھا تھا۔
نیدرلینڈ کے ہاتھوں شکست کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوجانے کے اسی لمحے ایک جملہ پیدا ہوا:
"¡No era penal!”
"یہ پنالٹی نہیں تھی۔”
اور یہ جملہ چند گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر پھیل گیا۔ پھر یہ میمز، ٹی شرٹس، اشتہارات، مزاحیہ پروگراموں اور روزمرہ گفتگو کا حصہ بن گیا۔ میکسیکو میں اگر کسی شخص کو لگتا کہ اس کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے تو وہ مذاق میں بھی یہی کہہ دیتا، "نو ایرا پینال۔”
یوں ایک فٹبال فیصلہ قومی لغت کا حصہ بن گیا۔

عمرانیات میں اجتماعی یادداشت کا تصور بتاتا ہے کہ معاشرے بعض واقعات کو صرف یاد نہیں رکھتے بلکہ انہیں اپنی شناخت کا حصہ بنا لیتے ہیں۔ میکسیکو کے لیے "نو ایرا پینال” محض ایک ریفری کا فیصلہ نہیں بلکہ کئی دہائیوں کی مایوسیوں کو ایک علامت میں سمو دیا تھا۔ بار بار ناک آؤٹ مرحلے میں شکست، اور عالمی سطح پر ہمیشہ "اچھی مگر ناکافی” ٹیم سمجھے جانے کا احساس، سب اس ایک جملے میں جمع ہو گئے۔
اسی لیے بارہ سال بعد جب قسمت نے دوبارہ ایک منظر تخلیق کیا تو میکسیکو کے شائقین کے لیے اس میں محض اتفاق سے کہیں زیادہ
معنی موجود تھے۔
29 جون 2026۔
بالکل وہی تاریخ۔
بالکل بارہ سال بعد۔
اور ایک بار پھر نیدرلینڈز ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں کھیل رہا تھا۔

اس مرتبہ مقابل مراکش تھا۔ بہت سے میکسیکن شائقین کے لیے مراکش اچانک صرف ایک افریقی ٹیم نہیں رہی بلکہ وہ ٹیم بن گئی جو ان
کی جانب سے ایک پرانے حساب کا جواب دے سکتی تھی۔

کھیلوں کی یادداشت ہمیشہ منطقی نہیں ہوتی۔ وہ علامتوں میں سوچتی ہے، تاریخوں کو یاد رکھتی ہے اور بعض اوقات نسلوں تک زندہ رہتی ہے۔ اسی لیے اسٹیڈیم میں مراکش کی جرسیوں میں ملبوس میکسیکن شائقین دکھائی دیے اور بارہ سال پرانا نعرہ دوبارہ زندہ ہو گیا:
"¡No era penal!”
آج میکسیکو خود ناک آؤٹ مرحلے کا میچ کھیل رہا ہے، لیکن اس کے مقابل اپنے ہی براعظم کی ٹیم ایکویڈور ہے، دیکھتے ہیں، اس مقابلے سے کیا برآمد ہوتا ہے!

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے