اہم خبریں

جدہ شہر میں کرکٹ سٹیڈیم بنانے کے لیے پی سی بی اور سعودی کرکٹ فیڈریشن میں معاہدہ

جولائی 2, 2026

جدہ شہر میں کرکٹ سٹیڈیم بنانے کے لیے پی سی بی اور سعودی کرکٹ فیڈریشن میں معاہدہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود سے ملاقات میں‌ جدید کرکٹ سٹیڈیم بنانے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں-

اسلام آباد سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق دونوں شخصیات کی ملاقات سعودی دارالحکومت ریاض میں‌ ہوئی-

بیان میں کہا گیا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار پی سی بی اور سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کے درمیان جدہ میں جدید ترین کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کیلئے سٹریٹجک معاہدہ طے پا گیا

پی سی بی جدہ میں بین الاقوامی معیار اور جدید ترین سہولتوں سے مزین کرکٹ سٹیڈیم بنائے گا، جدہ میں کرکٹ سٹیڈیم میں آئی سی سی کے معیار کے مطابق تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں گی

بیان کےمطابق پی سی بی اور سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن انفراسٹرکچر کی ترقی، تکنیکی مہارت، سٹیڈیم کی منصوبہ بندی اور آپریشنل معیار پر مل کر کام کریں گے-

یہ منصوبہ سعودی عرب کو بین الاقوامی کرکٹ میچوں اور بڑے ایونٹس کی میزبانی کے قابل بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا-

سعودی ویژن 2030 کے اہداف کے عین مطابق کھیلوں میں سرمایہ کاری، سپورٹس ٹورازم ، عوامی شمولیت اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے مقاصد کو بھی سپورٹ کرے گا.

اس موقع پر محسن نقوی سے منسوب بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کیلئے یہ معاہدہ ایک سنگ میل ہے، مل کر ایک ایسی شراکت داری قائم کر رہے ہیں جو کھیل کو مضبوط سے مضبوط تر بنائے گی-

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے