اہم خبریں

پاکستان کے مختلف شہروں میں آندھی اور طوفانی بارش سے حادثات، 11 ہلاک

جولائی 2, 2026

پاکستان کے مختلف شہروں میں آندھی اور طوفانی بارش سے حادثات، 11 ہلاک

پاکستان کے صوبوں پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں آندھی اور طوفانی بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں کم ازکم 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

صوبہ خیبر پختونخوا گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران تیز بارش، آندھی، آسمانی بجلی گرنے اور سیلاب کے باعث حادثات میں سات افراد ہلاک اور 19 افراد زخمی ہوئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو مرد، چار بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز بارشوں اور سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 38 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 36 گھروں کو جزوی جبکہ دو مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔

صوبہ پنجاب میں بدھ کی شب بارش اور آندھی سے دیواریں اور چھتیں گرنے سے دو افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔

ریسکیو 1122 پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ اٹک میں تیز آندھی اور بارش کے باعث دیوار گرنے سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ تین افراد زخمی ہوئے۔

ترجمان کے مطابق خوشاب میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا جبکہ سرگودھا میں تیز آندھی اور بارش کے باعث سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔

صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں بارشوں کے باعث ایک ہی خاندان کے دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔
سرکاری حکام کے مطابق یہ واقعہ شہر کی نئی آبادی والے علاقے اکاخیل میں پیش آیا۔

ژوب شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں طوفانی بارشیں ہوئیں جس کے نتیجے میں اس علاقے میں واقع مکان کے ایک کمرے کی چھت گر گئی۔
حکام کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں خاندان کی ایک خاتون اور دو بچے زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ژوب منتقل کردیا گیا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے