جنگلات کی زمین پر کس کا قبضہ
Reading Time: 2 minutesاسلام آباد کے جنگلات کو کاٹ کر ہاوسنگ اسکیمیں بنانے کا دھندہ عروج پر ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محکمہ مال کے حکام اور سروے آف پاکستان سے مل کر لوہی بھیر جنگلات کے رقبے کی رپورٹ تیار کی گئی ہے، عدالتی حکم پر تیار کی گئی اس رپورٹ میں سنسنی خیز انکشافات کیے گئے ہیں، بتایا گیا ہے کہ جنگلات کی زمین پر کون اور کتنا قابض ہے، پاکستان 24 کے پاس موجود اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کی جانب سے مرتب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کی حدود میں لوہی بیر جنگل کا کل رقبہ ایک ہزار نواسی ایکڑ تھا، جس پر اب درجنوں ہاوسنگ اسکیمیں کھڑی کر دی گئیں ہیں، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو منتقل کی گئی دوسو ایکڑ زمین موقع پر موجود ہی نہیں کیونکہ مختلف ہاوسنگ سوسائیٹیز نے یہ دو سو ایکڑ زمین ہڑپ کر لی ہے، رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی وے کے ساتھ واقع نیشنل پولیس فاونڈیشن نے جنگل کی ایک سو گیارہ ایکڑ زمین پر قبضہ کرکے سوسائیٹی قائم کر دی ہے، رپورٹ بتاتی ہے کہ بحریہ ٹاون نے ساڑھے نو ایکڑ، پام سٹی نے آٹھ ایکڑ، کورنگ ٹاون نے ساڑھے چار ایکڑ، ائر پورٹ ہاوسنگ سوسائٹی نے پنتیس ایکڑ، ڈاکٹرز کالونی نے انتیس ایکڑ پر قبضہ جما رکھا ہے، رپورٹ میں فیڈرل ایمپلائز سوسائٹی کو تیرہ ایکڑ پر قابض دکھایا گیا ہے جبکہ صحافیوں کے میڈیا ٹاون نے دس ایکڑ رقبہ قبضہ میں لیا ہے، واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے قانون کے ذریعے دو ہزار چھ میں صحافیوں کو لوہی بیر میں دو سو ایکڑ زمین الاٹ کی تھی جبکہ موجود نقشہ کے مطابق میڈیا ٹاون کے پاس اس وقت دو سو دس ایکڑ زمین ہے، رپورٹ کے مطابق اس وقت محکمہ جنگلات/وائلڈ لائف کے پاس صرف چار سو ساٹھ ایکڑ رقبہ باقی رہ گیا ہے۔