اہم خبریں

ڈیڈلائن دینا پسند نہیں، ایران اپنا رویہ بہتر بنائے: صدر ٹرمپ

جولائی 16, 2026

ڈیڈلائن دینا پسند نہیں، ایران اپنا رویہ بہتر بنائے: صدر ٹرمپ

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اُن ڈیڈلائن دینا پسند نہیں‌ تاہم ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ ’بہتر رویہ اختیار کرے‘۔

بدھ کی شام صحافیوں نے جب صدر ٹرمپ سے پوچھا کہ کیا وہ کارروائی سے قبل ایران کو حتمی مہلت دیں گے تو انہوں نے جواب دیا کہ ’مجھے ڈیڈ لائن دینا پسند نہیں، لیکن وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ معاملہ کیا ہے، انھیں بہتر رویہ اختیار کرنا ہوگا۔‘

بعد ازاں ایک دفاعی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران ’اس وقت خوش نہیں ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’وہ بہت شدت سے تصفیہ چاہتے ہیں۔ انھیں ہماری کارروائیاں پسند نہیں آ رہیں۔ ہم دیکھیں گے کہ ہم ان کے ساتھ کوئی سمجھوتہ کرنا چاہتے ہیں یا معاملے کو مکمل طور پر ختم کر دیتے ہیں۔‘

دوسری جانب امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس نے بدھ کے روز ایران کے خلاف حملوں کی ایک نئی لہر شروع کی اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو خطرے میں ڈالنے کے لیے استعمال ہونے والی ’ایرانی فوجی صلاحیتوں‘ کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکی فوج نے مزید کہا کہ اس نے ایک ایسے جہاز پر فائرنگ کی جو ایران کی بندرگاہوں پر عائد کردہ نئی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی جب ایران نے دعویٰ کیا کہ اس نے بحرین اور کویت سمیت خطے میں امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جنگ ختم کرنے کے لیے ہونے والے ابتدائی معاہدے کے باوجود پانچویں روز بھی کشیدگی برقرار رہی۔

ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر معاہدے سے ایران کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا تو تہران کے پاس اس کی پابندی کرنے کی ’کوئی وجہ نہیں‘۔

قبل ازیں ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر ایران اگلے ہفتے مذاکرات کی میز پر واپس نہ آیا تو پلوں اور بجلی گھروں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

تاہم محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران کی قومی سلامتی کا تقاضا ہے کہ تہران آبنائے ہرمز میں ’ایرانی انتظامات‘ برقرار رکھے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے