جاپان میں شہزادی آئیکو اپنے والد کی جگہ شاہی تخت سنبھالنے کی اہل کیوں نہیں؟
جاپان میں شاہی خاندان تیزی سے سکڑ رہا ہے اور اب وہاں کی پارلیمان ایسی قانون سازی کر رہی ہے جس کے تحت شاہ کے جاں نشینوں کے لیے آسانی پیدا ہو-
جاپان کے موجودہ شہنشاہ کی اکلوتی اولاد شہزادی آئیکو تخت سنبھالنے کی اہل نہیں ہیں کیونکہ ملک کے موجودہ قوانین اس کی اجازت نہیں دیتے یعنی خاتون کو شاہی تخت سنبھالنے کی اجازت نہیں-
جاپان دنیا کی قدیم ترین مسلسل موروثی بادشاہت رکھتا ہے، جس کا سلسلہ نسب تقریباً 2600 سال پر پھیلا ہوا ہے۔
جمعے کو پارلیمان کے ایک ایوان نے قواعد میں تبدیلیوں کی منظوری دی ہے لیکن اس کے باوجود اب بھی خاتون کی شہنشاہیت یا ملکہ بننے پر پابندی ہے-
جاپان میں خاتون شہنشاہ کے حق میں عوامی حمایت وسیع پیمانے پر موجود ہے-
ایوانِ بالا سے جمعے کو منظور ہونے والا یہ بل نہ صرف شاہی خاندان کو 15 سال سے زیادہ عمر کے ایسے دور پرے کے مرد رشتہ داروں کو خاندان میں شامل کرنے بلکہ خواتین کو خاندان سے باہر شادی کرنے کے بعد بھی اپنا شاہی رتبہ برقرار رکھنے کی اجازت دیتا ہے-
اس وقت تخت سنبھالنے کے لیے پہلی ترجیح 60 سالہ فومی ہیتو ہیں، جو موجودہ شہنشاہ کے چھوٹے بھائی ہیں۔
فومی ہیتو کے 19 سالہ بیٹے شہزادہ ہیساہیتو جانشینی کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ تیسرے نمبر پر اور تخت کے لیے آخری اہل امیدوار، شہنشاہ کے 90 سالہ چچا ہیں۔

