کھیل

انگلش ٹیم کے پہاڑ جتنے رنز کے جواب میں‌ روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی اننگز

جولائی 20, 2026

انگلش ٹیم کے پہاڑ جتنے رنز کے جواب میں‌ روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی اننگز

انگلینڈ نے لارڈز کے میدان میں ریکارڈ ہدف بنا کر انڈیا کو 27 رنز سے شکست دے کر سیریز بھی دو ایک سے اپنے نام کر لی ہے۔

انگلش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے انڈین بولرز کا بھرکس نکال دیا، اور 387 رنز کے اس ریکارڈ ٹوٹل میں اوپنر بین ڈکٹ کا بہترین انفرادی سکور 135 گیندوں پر 141 رنز شامل رہا۔
اس میچ کی خاص بات اوپنرز کی شراکت داری تھی جنھوں نے 192 رنز بنائے۔ جیکب بیتھل نے 91 رنز سکور کیے اور وہ 44ویں اوور میں آوٹ ہوئے۔

یہ 2019 کے بعد پہلا موقع تھا کہ پہلے 20 اوورز میں انگلینڈ کی ایک بھی وکٹ نہیں گری۔

یہ کسی بھی ایک روزہ میچ میں دوسرا سب سے بڑا ہدف تھا جسے پورا کرنے کے لیے انڈیا کے بلے باز میدان میں اترے تو روہت شرما نے ممکنہ طور پر اپنی آخری اننگز کھیلتے ہوئے شاندار 138 رنز بنائے۔

روہت شرما، جو 39 سال کے ہیں، اس سیریز کے بعد ریٹائر ہو سکتے ہیں۔ روہت نے شبمن گل کے ساتھ 147 رنز کی پارٹنر شپ میں انڈیا کو امید دلائی۔ خود شبمن گل 77 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

جب 38ویں اوور میں روہت شرما بھی آوٹ ہو گئے تو شاید میچ کا فیصلہ ہو چکا تھا۔ ان کے بعد وراٹ کوہلی سے ہی یہ امید کی جا سکتی تھی کہ وہ انڈیا کو فتح سے ہمکنار کرواتے۔ لیکن خود وراٹ بھی 74 رنز بنا کر اوٹ ہو گئے۔

لارڈز میں سب سے زیادہ سکور 1975 میں انگلینڈ نے انڈیا کے خلاف ہی بنایا تھا جب چار وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنائے گئے تھے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے