جنگ اور جنگ بندی کے دوران 18 ارب ڈالر مالیت کا کروڈ آئل فروخت کیا: ایرانی وزارتِ تیل
ایران کی وزارتِ تیل نے کہا ہے کہ اس نے امریکہ کے ساتھ جنگ اور اس کے بعد نافذ ہونے والی جنگ بندی کے دوران مجموعی طور پر 18 ارب ڈالر مالیت کا تیل فروخت کیا۔
وزارت کے بیان کے مطابق ایران نے جنگ کے دوران 11 ارب 50 کروڑ ڈالر اور جنگ بندی کے عرصے میں 6 ارب 50 کروڑ ڈالر کا تیل فروخت کیا۔
وزارتِ تیل نے کہا کہ یہ رقم رواں مالی سال کے بجٹ میں متوقع تیل کی آمدنی کے 60 فیصد سے زیادہ کے برابر ہے۔
یہ اعداد و شمار ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایرانی پارلیمان کے سپیکر اور ایران کے سینیئر مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے جولائی کے آغاز میں کہا تھا کہ امریکہ کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کے تقریباً 50 سے 60 روزہ محاصرے کے دوران ایران ایک بیرل تیل بھی برآمد نہیں کر سکا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ محاصرہ ختم ہونے کے بعد ایران کی تیل برآمدات دوبارہ بڑھ گئی ہیں۔
ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد شروع ہوئی تھی، جبکہ اپریل میں ہونے والی جنگ بندی کے نتیجے میں بیشتر لڑائی رک گئی تھی۔
تاہم آبنائے ہرمز کے کنٹرول سے متعلق اختلافات میں شدت آنے کے بعد یہ جنگ بندی جولائی کے آغاز میں ختم ہو گئی تھی۔