فیفا ورلڈ کپ کے دوران کینیڈا آنے والے کتنے غیرملکیوں کی سیاسی پناہ کی درخواستیں، تعلق کن ملکوں سے؟
اوٹاوا:( نورالامین )فیفا ورلڈ کپ کے دوران کینیڈا آنے والے 175 غیرملکی افراد نے سیاسی پناہ (اسائلم) کی درخواستیں دائر کر دی ہیں۔ کینیڈین حکام کے مطابق ان درخواستوں کا جائزہ ملک کے رفیوجی قوانین اور مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت لیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق ٹورنٹو اور وینکوور میں فیفا ورلڈ کپ کے مجموعی طور پر 13 میچوں کا انعقاد ہوا، جن کے لیے کینیڈا نے تقریباً 26 ہزار ویزے جاری کیے تھے۔ مختلف ممالک سے ہزاروں افراد نے میچز دیکھنے کے لیے سیاحتی ویزوں کی درخواستیں دی تھیں، تاہم ان میں سے 50 فیصد سے زائد درخواستیں مسترد کر دی گئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق کینیڈا پہنچنے والے غیر ملکیوں میں سے اب تک 175 افراد نے سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کرا دی ہیں۔
حکام نے درخواست گزاروں کی شہریت سے متعلق جزوی معلومات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گھانا کے 25، جبکہ مصر اور کولمبیا کے 15، 15 شہریوں نے اسائلم کی درخواست دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ درخواستوں کی تعداد میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔
امیگریشن حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ سیاسی پناہ کی درخواست دینے والوں میں کتنے افراد فیفا سے وابستہ کھلاڑی، آفیشلز یا دیگر نمائندے شامل ہیں۔
اس سے قبل کینیڈین حکومت غیر ملکی شائقین کو متنبہ کر چکی تھی کہ فیفا ورلڈ کپ کے لیے جاری کیے گئے ویزے صرف عارضی قیام کے لیے ہیں، اور ان کا مقصد مقررہ مدت سے زائد قیام یا سیاسی پناہ حاصل کرنا نہیں۔
تاہم، کینیڈین قانون کے تحت ہر فرد کو سیاسی پناہ کی درخواست دینے کا حق حاصل ہے، جس کا فیصلہ انفرادی بنیادوں پر شواہد اور قانونی تقاضوں کے مطابق کیا جاتا ہے۔

