امریکی شہر سیٹل میں فوڈ فیسٹیول کے دوران فائرنگ سے تین ہلاک، چار زخمی
امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر سیٹل میںپولیس کے مطابق اتوار کے روز شہر کے مرکز میں منعقدہ فوڈ فیسٹیول کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور ایک چھوٹے بچے سمیت چار دیگر زخمی ہو گئے-
پولیس نے مزید بتایا کہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
سیٹل پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ چیف ٹائرون ڈیوس نے اتوار کی رات ایک میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پولیس کا ماننا ہے کہ اس واقعے میں ایک دوسرا مشتبہ شخص بھی ملوث تھا اور اہلکار اس کو تلاش کر رہے ہیں۔
قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ دو افراد ہلاک ہوئے ہیں-
ٹائرون ڈیوس نے بتایا کہ ہسپتال میں زیرِ علاج متاثرین میں سے ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال میں موجود دیگر چار افراد کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
عینی شاہدین نے اس سے قبل ‘سیٹل ٹائمز’ کو بتایا تھا کہ انہوں نے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے (0100 جی ایم ٹی) کے قریب فائرنگ کی آوازیں سنی تھیں۔
سیٹل کی میئر کیٹی ولسن نے ایک بیان میں کہا کہ "آج سیٹل سینٹر میں پیش آنے والا واقعہ ہولناک تشدد پر مبنی تھا،”
انہوں نے مزید بتایا کہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "متاثرہ خاندان اپنی زندگی کے بدترین لمحات سے گزر رہے ہیں، اور پوری کمیونٹی یہ سمجھنے کی کوشش کر رہی ہے کہ ثقافت، باہمی تعلق اور خوشی کے لیے منعقدہ ایک تقریب کا اختتام فائرنگ پر کیسے ہوا۔”

