راولاکوٹ میں مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کا اظہارِ تشویش
واشنگٹن : انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے راولاکوٹ میں مظاہرین کے خلاف سکیورٹی فورسز کی جانب سے مبینہ طاقت کے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سامنے آنے والی اطلاعات جموں و کشمیر میں مظاہرین کے خلاف پاکستانی حکام کی جانب سے غیر قانونی تشدد کی طویل تاریخ سے مطابقت رکھتی ہیں۔
تنظیم نے مطالبہ کیا کہ مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کی فوری، آزادانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں تاکہ تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مزید کہا کہ جب تک انٹرنیٹ اور موبائل سروسز کی بندش برقرار رہے گی، زمینی صورتحال کی آزادانہ تصدیق شدید متاثر رہے گی۔
تنظیم نے پاکستانی حکام پر زور دیا کہ تمام مواصلاتی ذرائع فوری طور پر بحال کیے جائیں اور میڈیا نمائندوں کے ساتھ ساتھ آزاد مبصرین کو بھی متاثرہ علاقوں تک رسائی دی جائے تاکہ صورتحال کی غیر جانبدارانہ رپورٹنگ اور نگرانی ممکن ہو سکے۔
دوسری جانب بی بی سی ورلڈ سروس کی ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ دو ماہ کے دوران پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی حکام اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے تعلق رکھنے والے مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ تقریبا 45 لاکھ آبادی والے اس خطے میں مرحلہ وار انداز میں انتخابات جاری ہیں۔

