اہم خبریں

مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پاکستان گُڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی ملک بھر میں ہڑتال

اگست 9, 2026

مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پاکستان گُڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی ملک بھر میں ہڑتال

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے پُرامن ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔

پاکستان کی وفاقی حکومت نے گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال روکنے اور ان کے مطالبات کے حل کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے سنیچر کے روز سے ہڑتال شروع کی گئی اور مال بردار گاڑیوں کو کھڑا کر دیا گیا ہے۔

وزارتِ مواصلات کے مطابق وزیراعظم آفس کی ہدایت پر قائم کی گئی کمیٹی ٹرانسپورٹرز کی نمائندہ تنظیم آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن سے مذاکرات کرے گی۔

اس کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیرِ مواصلات کریں گے جبکہ وزیرِ پیٹرولیم بھی اس کے رکن ہوں گے۔ اس کے علاوہ وزارتِ مواصلات اور وزارتِ پیٹرولیم کے سیکریٹریز، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے انسپکٹر جنرل، تمام صوبائی وزرائے ٹرانسپورٹ اور صوبائی محکمہ ہائے ٹرانسپورٹ کے سیکریٹریز بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

دوسری جانب آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں کے ساتھ مذاکرات کیے گئے جبکہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے بھی ملاقات ہوئی، تاہم ان کے بقول حکومتیں ٹرانسپورٹرز کے مطالبات کے حوالے سے سنجیدہ نہیں۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ملک بھر میں مال بردار گاڑیاں کھڑی کی جا رہی ہیں اور اب کوئی نئی گاڑی سامان لے کر روانہ نہیں ہو گی۔

ان کے مطابق پہلے سے سامان سے لدی گاڑیوں کو 48 گھنٹے کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنا سامان اتار سکیں۔

ٹرانسپورٹرز کا مطالبہ ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر رد و بدل کا نظام ختم کر کے قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیاد پر کیا جائے۔

ان کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو واپس لیا جائے۔

ملک شہزاد اعوان نے ٹول ٹیکس میں کیے گئے اضافے کو بھی واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹول ٹیکس کی شرح 30 جون 2024 کی سطح پر بحال کی جائے۔

ان کے مطابق اگلے ایک سال تک ٹول ٹیکس میں کسی قسم کا اضافہ قابلِ قبول نہیں ہو گا اور اس عرصے کے دوران نئے ٹول پلازے بھی تعمیر نہیں کیے جانے چاہییں۔

ملک شہزاد اعوان نے دعویٰ کیا کہ دسمبر 2025 میں ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران حکومت نے ٹرانسپورٹرز سے جو وعدے کیے تھے، وہ اب تک پورے نہیں کیے گئے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے